حیدرآباد و سکندرآباد کے تعلیمی و تجارتی اداروں میں فائر سیفٹی کا عنقریب جائزہ

   

خصوصی اسکواڈ کی تشکیل ، کمشنر بلدیہ کو میمو کی اجرائی
حیدرآباد۔14فروری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے اسکولوں‘ دواخانوں‘ شاپنگ مالس‘ عوامی مقامات‘ فنکشن ہالس ‘ ہوٹلس اور ہاسٹلس میں موجود فائر سیفٹی نظام کو بہتر بنانے اور موجودہ نظام کی جانچ کیلئے فوری خصوصی اسکواڈ کی تشکیل عمل میں لاتے ہوئے اندرون ایک ماہ مکمل رپورٹ حکومت کو پیش کی جائے۔ مسٹر اروند کمار سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق نے آج کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو ایک میمو جاری کرتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ ان امور کی جانب سے ہفتہ واری رپورٹ محکمہ کو روانہ کریں۔ مسٹر اروند کمار کی جانب سے جاری کئے گئے میمو میں اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے خصوصی اسکواڈ کی تشکیل کے ذریعہ مذکورہ تمام مقامات میں موجود فائر سیفٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تاکہ عوامی املاک بالخصوص جانوں کے تحفظ کے اقدامات کئے جا سکیں۔ انہوں نے میمو میں اس بات کی ہدایت دی کہ ان عمارتوں میں موجود آتش فرو آلات کی مکمل رپورٹ تیار کی جائے اور حکومت کو اس بات سے واقف کروایاجائے کہ شہر میں موجود اسکولوں‘ دواخانوں‘ شاپنگ مالس‘ تھیٹرس‘ فنکشن ہالس اور ہاسٹلس کے علاوہ ہوٹلوں میں ہنگامی حالات میں نکلنے کے راستے موجود ہیں یا نہیں اور ان عمارتوں میں کس طرح کے آتش فرو آلات کا استعمال کیا جا رہاہے اور کہاں تک یہ آلات کارکرد ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے قوانین کے اعتبار سے ان عمارتوں کے لئے خصوصی آتش فرو آلات کی خریدی کا لزوم عائد ہے اور ان آلات کی تنصیب کے علاوہ عمارتو ںمیں موجود راہداریوں کو دیکھنے کے بعد ہی جی ایچ ایم سی کے فائر سیفٹی شعبہ کی جانب سے این او سی جاری کیا جاتا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کو جی ایچ ایم سی کے شعبہ فائر سیفٹی کی جانب سے کی جانے والی دھاندلیوں کے سبب حکومت نے عمارتوں میں موجود آتش فرو آلات کی از سر نو جانچ کا فیصلہ کیا ہے اور اندرون ایک ماہ رپورٹ وصول ہونے کے بعد حکومت کے محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے اس خصوص میں ہدایات جاری کی جائیں گی۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں موجود ان عمارتوں کی تنقیح اور جانچ کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے مختلف شعبوں کے علاوہ دیگر محکمہ جات پر مشتمل عہدیداروں اور ملازمین کا اسکواڈ تیار کیاجائے گا تاکہ رپورٹ میں شفافیت کی برقراری کو یقینی بنایا جاسکے اور اس بات کاجائزہ لیا جائے کہ جی ایچ ایم سی کے شعبہ فائر سیفٹی کی جانب سے جاری کردہ این او سی کن بنیادوں پر جاری کئے گئے ہیں۔