حیدرآباد پارلیمانی حلقہ سے مقابلہ کیلئے اسدالدین اویسی کا ادخال پرچہ نامزدگی

,

   

صدر مجلس کی تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی ، ارکان اسمبلی و کونسل کے ہمراہ ریٹرننگ آفیسر سے رجوع

حیدرآباد۔19اپریل(سیاست نیوز) بیرسٹر اسدالدین اویسی رکن پارلیمنٹ و صدر مجلس اتحاد المسلمین نے حلقہ پارلیمان لوک سبھا حیدرآباد سے مقابلہ کے لئے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔انہوں ضلع کلکٹر حیدرآباد مسٹر انودیپ دوری شیٹی آئی اے ایس ریٹرننگ آفیسر کے دفتر واقع لکڑی کا پل پہنچ کر اپنے پرچہ نامزدگی داخل کئے ۔بیرسٹر اسدالدین اویسی نے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے لئے نکالی گئی ریالی سے قبل تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کی بعد ازاں وہ اپنے ارکان اسمبلی ‘ ارکان قانون ساز کونسل ‘ اراکین بلدیہ کے علاوہ بڑی تعداد میں کارکنوں کے ہمراہ لکڑی کا پل کے لئے پیدل جلوس کی شکل میں روانہ ہوئے ۔بیرسٹر اسدالدین اویسی کے ہمراہ ارکان اسمبلی اکبر الدین اویسی ‘ میر ذوالفقار علی ‘ احمد بن عبداللہ بلعلہ ‘ کوثر محی الدین ‘ محمد مبین سابق رکن اسمبلی ممتاز احمد خان اور دیگر موجود تھے ۔مکہ مسجد سے پرچہ نامزدگی کے ادخال کیلئے نکالی گئی ریالی کا مختلف مقامات پر خیر مقدم کیا گیا اور مجلسی امیدوار کی گلپوشی کی گئی ۔بیرسٹراسدالدین اویسی نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندو ں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو فرقہ پرستی سے محفوظ رکھنے کے لئے فرقہ پرستوں کی ناکامی ضروری ہے اور حلقہ پارلیمان حیدرآباد میں فرقہ پرستوں کی ناکامی کو یقینی بنانے کے لئے مجلس پوری قوت کے ساتھ کام کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں فرقہ وارانہ فضاء کو مکدر کرنے کیلئے کی جانے والی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی کیونکہ شہریان حیدرآباد فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لئے کام کرتے ہیں۔بیرسٹر اسدالدین اویسی کے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں ان کے ہمراہ معتمد عمومی مجلس اتحاد المسلمین جناب سید احمد پاشاہ قادری ‘ جناب خلیل اللہ ‘ کے علاوہ بیرسٹر اویسی کے فرزند موجود تھے۔بیرسٹر اویسی نے اپنے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد کہا کہ انہیں امید ہے کہ لوک سبھا حیدرآباد کے رائے دہندے انہیں سابقہ اکثریت سے زیادہ بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے اور وہ اپنے حلقہ کے رائے دہندوں سے گھر گھر پہنچ کر ملاقات کررہے ہیں اور انہیں 2024 عام انتخابات کی اہمیت سے واقف کروارہے ہیں۔3