حیدرآباد کی بہو جدہ میں ہندوستان کی قونصل جنرل ہونگی

,

   

نوجوان سفارتکار ہمنی مریم ‘ اے کے خان کی بہو اور مزمل خان آئی اے ایس کی اہلیہ ہیں

حیدرآباد 14 ستمبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد کی آئی ایف ایس بہو ہمنی مریم کو امکان ہے کہ جدہ سعودی عرب میں ہندوستانی قونصل خانہ میں متعین کیا جائیگا ۔ نوجوان اور انتہائی با صلاحیت سفارتکار ہمنی مریم آئی ایف ایس عہدیدار ہیں اور وہ سابق پولیس کمشنر حیدرآباد اے کے خان کی بہو ہیں۔ ہمنی مریم 2017 بیاچ سے تعلق رکھنے والی آئی ایف ایس عہدیدار ہیں اور وہ تلنگانہ کیڈر کے آئی اے ایس عہدیدار عبدالمزمل خان کی اہلیہ ہیں ۔ مزمل خان سابق پولیس کمشنر اے کے خان کے چھوٹے فرزند ہیں ۔ اے کے خان فی الحال حکومت تلنگانہ کے مشیر ہیں۔ وزارت خارجہ نے ہمنی مریم کو جدہ میں ہندوستانی قونصل جنرل مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ ہمنی فی الحال پیرس ( فرانس ) میں ہندوستانی سفارتخانہ میں اپنی پہلی پوسٹنگ پر ہیں۔ حکومت ہند ہند۔ سعودی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے ۔ ہمنی مریم کو جدہ منتقل کرنا بھی اسی منصوبے کا حصہ کہا جا رہا ہے ۔ سعودی عرب میں ہندوستانی برادری میں حیدرآبادی اور کیرالا کے عوام کی بڑی تعداد ہے ۔ ہمنی یوسف کا تعلق کیرالا میں کوذی کوڈ سے ہے جہاں ان کے والدین رہتے ہیں۔ ان کے والد ڈاکٹر ٹی پی اشرف کیرالا کے معروف ماہر امراض اطفال ہیں۔ وہ کیرالا سوشیل سکیوریٹی مشن کیلئے بھی کام کرتے ہیں۔ ان کی والدہ ڈاکٹر جوہرہ پی وی ایک فزیالوجسٹ ہیں۔ ہمنی مریم نے 2017 میں دنیا میںسب سے سخت سمجھے جانے والے سیول سروسیس امتحان میں کامیابی حاصل کی اور انہوں نے 28 واں رینک حاصل کیا ۔

انہوں نے آئی اے ایس کا انتخاب نہ کرتے ہوئے سب کو حیرت کا شکار کردیا تھا ۔ انہوں نے انتظامی خدمات کی بجائے آئی ایف ایس بننے کو ترجیح دی ۔ سیول سروسیس میں اعلی رینک حاصل کرنے والے امیدوار ہی آئی ایف ایس کا انتخاب کرتے ہیں۔ آئی اے ایس اور آئی پی ایس کے برخلاف آئی ایف ایس عہدیداروں کا زیادہ تر وقت بیرونی ممالک میں گذرتا ہے ۔ ہمنی کے شوہر مزمل خان بچپن سے الیکٹرانکس میں دلچسپی رکھتے تھے اور وہ بٹس سے انجینئرنگ گریجویٹ ہیں۔ اب ان کی عمر 29 سال ہے اور وہ اپنے والد کے بہت مشابہہ ہیں جب وہ گوداوری کھنی کریمنگر میں 1983 میں تقریبا اتنی ہی عمر میں اے ایس پی تھے ۔ مزمل خان فی الحال اسسٹنٹ کلکٹر وقار آباد ہیں۔ وہ اپنے والدین کے ساتھ جدہ کا سفر کرچکے ہیں۔