حیدرآباد کے صحافتی وفد کا مطالعاتی دورہ جموں و کشمیر

   

سی ایس آئی آر آئی آئی آئی ایم میں نئی ادویات اور طریقہ علاج کی کھوج سے واقفیت

حیدرآباد 5 نومبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد کے ایک صحافتی وفد نے آج سی ایس آئی آر ۔ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انٹیگریٹیڈ میڈیسن ( آئی آئی آئی ایم ) اور سی ایس آئی آر ۔ آئی آئی آئی ایم فیلڈس بونیرا پلواما کا دورہ کیا ۔ سینئر سائنسدان ڈاکٹر شاہد رسول اور آئی آئی آئی ایم ۔ سی ایس آئی آر کے دوسرے سائنسدانوں نے میڈیا وفد کا استقبال کیا اور انسٹی ٹیوٹ کے ویژن سے واقف کروایا ۔ وفد سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد رسول نے کہا کہ آئی آئی آئی ایم قدرتی اشیاء سے نئی ادویات اور طریقہ علاج کی کھوج میں مصروف ہے ۔ پودوں اور دوسری اشیاء سے بائیو ٹکنالوجی کے استعمال سے ایسا ممکن ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آئی آئی آئی ایم ۔ سی ایس آئی آر بونیرا پلواما ضلع کے علاقہ میں مختلف اقدام کی پیداوار کی جا رہی ہے اور یہ کام سی ایس آئی آر کے فلوری کلچر مشن کے تحت کیا جا رہا ہے ۔ اس پہل کے تحت آٹھ مختلف اقسام کے پودوں کی کاشت کی جا رہی ہے اور اس کے نتیجہ میں پھولوں وغیرہ کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس پہل کا مقصد عوامی سطح پر معیاری ٹیولپ بلبس کی پیداوار کو یقینی بنانے کیلئے اگرو ۔ ٹکنالوجی کو معیاری بنانا بھی ہے ۔ ڈاکٹر ہد رسول سینئر سائنسدان سی ایس آئی آر فلوری کلچر مشن نے کہا کہ جموں و کشمیر میں اس طرح کے پھولوں کی پیداوار اور سائنٹفک پروڈکشن کے نتیجہ میں کسانوں اور دوسروں کو فائدہ ہوسکتا ہے ۔ علاقہ کے کسان ٹیولپ کی تجارتی پیداوار نہیں کرتے اور فی الحال انہیں نیدرلینڈز سے درآمد کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ وادی کشمیر میں اس پیدواار کیلئے موسمی حالات انتہائی سازگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا جامنی انقلاب صورتحال میں تبدیلی کی وجہ بن رہا ہے ۔ پی آئی بی حیدرآباد کے میڈیا آوٹ ریچ پروگرام کے تحت یہ وفد جموں و کشمیر کا دورہ کر رہا ہے ۔ یہ وفد مختلف شعبہ جات کا دورہ کریگا اور جموں و کشمیر کے مستقبل کیلئے شروع کئے گئے مختلف پراجیکٹس کا مشاہدہ بھی کیا جائیگا ۔