دو سال میں ایک لاکھ نوجوانوں کو روزگار، 108 کمپنیوں سے معاہدات، اسمبلی میں ریاستی وزیر سریدھر بابو کا جواب
حیدرآباد۔11۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ حکومت حیدرآباد کے علاوہ نلگنڈہ ، عادل آباد ، محبوب نگر اور کریم نگر جیسے بڑے شہروں میں انفارمیشن ٹکنالوجی جے اداروں کے قیام کے اقدامات کر رہی ہے۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سریدھر بابو نے کہا کہ نظام آباد کے آئی ٹی ٹاور میں دفاتر قائم کرنے کیلئے اہم کمپنیوں سے خواہش کی گئی ہے جن میں وپرو ، مائیکرو سافٹ ، ٹیک مہیندرا ، ایسنچر ، اوریکل ، انفوسیس جیسے ادارے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی ٹاورس کے قیام کے ذریعہ حکومت ہر ضلع میں انجنیئرس اور گریجویٹس کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے حکومت حیدرآباد کے علاوہ اضلاع کی سطح پر آئی ٹی اداروں کے قیام کی مساعی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق بی آر ایس دور حکومت میں آئی ٹی ٹاورس تعمیر کئے گئے لیکن وہاں کوئی سرگرمیاں نہیں ہیں جس کے نتیجہ میں مقامی انجنیئرس اور گریجویٹس کو مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عادل آباد میں آئی ٹی ہب / ٹاور کا عنقریب افتتاح عمل میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئی ٹی کمپنیاں تیار ہوں تو ضلعی سطح پر آئی ٹی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کا آغاز کیا تھا جس کی تکمیل کے لئے مرکزی حکومت سے تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے بی جے پی ارکان سے کہا کہ وہ پراجکٹ کیلئے مرکز سے فنڈس کے حصول میں تعاون کریں ۔ سریدھر بابو نے بتایا کہ ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر سے آئی ٹی کمپنیاں اضلاع میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کرسکتی ہیں۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران ریاست میں 75 گلوبل کیپبلٹی سنٹرس قائم کئے گئے جو ملک کیلئے ایک ریکارڈ ہے۔ گزشتہ دو برسوں میں ایک لاکھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا سنٹرس نے آئی ٹی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے بڑے شہروں اور ٹاؤنس میں بھی ڈیٹا سنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ گزشتہ دو برسوں میں حکومت نے سرمایہ کاری کے سلسلہ میں 108 یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کے دوران 75 معاہدے کئے گئے اور 17 پراجکٹس کا آغاز ہوچکا ہے۔ فیوچر سٹی کی بی آر ایس کی جانب سے مخالفت کا حوالہ دیتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ بی آر ایس کا تلنگانہ میں کوئی فیوچر نہیں ہے اور وہ فیوچر سٹی کی مخالفت کر رہی ہے۔ بی آر ایس نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے حق میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو حکومت کی جانب سے مختلف مراعات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اضلاع میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کریں۔1/k