حیدرآباد کے قریب فیوچر سٹی کے قیام میں سرمایہ کاری کیلئے صنعت کاروں سے ریونت ریڈی کی اپیل

   

حیدرآباد کی ترقی میں شتریہ سماج کا اہم رول، گچی باؤلی اسٹیڈیم میں تقریب سے چیف منسٹر کا خطاب

حیدرآباد۔/18 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد کے چوتھے شہر فیوچر سٹی کے قیام کیلئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے ہر شعبہ میں شتریہ سماج نے اہم رول ادا کیا ہے۔ حکومت میں ہر سطح پر شتریہ سماج کو مناسب مقام دیا گیا ہے۔ اعلیٰ طبقات میں شامل شتریہ سماج کی تنظیم شتریہ سیوا سمیتی کی جانب سے آج گچی باؤلی اسٹیڈیم میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ کرناٹک کے وزیر بوس راجو، مرکزی وزیر سرینواس ورما اور دیگر اہم شخصیتوں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے الوری سیتا رام راجو کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے شتریہ سماج کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں ہر شعبہ کی ترقی میں شتریہ سماج کا اہم رول ہے۔ اس طبقہ کی محنت اور جستجو کا ہر کوئی قائل ہے۔ فلمی دنیا میں کرشنم راجو نے اپنی شناخت بنائی ہے جبکہ ہالی ووڈ کی سطح پر باہوبلی پربھاس دھوم مچارہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ تلنگانہ میں کانگریس کے برسراقتدار آنے میں بوس راجو نے اے آئی سی سی کے انچارج سکریٹری کی حیثیت سے اہم رول ادا کیا۔ کرناٹک کے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی جانب سے ٹکٹ دیئے جانے کے باوجود بوس راجو نے تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار کیلئے کام کیا ان کی اس محنت کے اعتراف میں راہول گاندھی نے انہیں کرناٹک کابینہ میں شامل کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مرکزی وزیر سرینواس ورما اور کرناٹک کے وزیر بوس راجو ملک میں شتریہ سماج کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے شتریہ سماج کے نوجوانوں کو عملی سیاست میں حصہ لینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ اگر انہیں سرگرم نوجوانوں کی فہرست دی جائے گی تو وہ مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس کا ٹکٹ الاٹ کریں گے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ شتریہ سماج کے سرینواس راجو کو تلنگانہ حکومت کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ ہمیشہ شتریہ سماج کے مسائل مجھ سے رجوع کرتے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ینگ انڈیا اِسکل یونیورسٹی کے کوچیرمین کے عہدہ پر شتریہ سماج کے شرینی راجو کو مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو شتریہ سماج پر اعتماد کا یہ واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی میں شتریہ سماج نے اہم رول ادا کیا۔ چیف منسٹر نے فیوچر سٹی کے قیام میں سرمایہ کاری کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شتریہ سماج کے صنعت کاروں کی حکومت ہر ممکن حوصلہ افزائی کرے گی۔ انہوں نے حیدرآباد میں شتریہ بھون کی تعمیر کیلئے اراضی الاٹ کرنے اور ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔1