ایم جی بی ایس تا فلک نما میٹرو میں سہولتوں کی فراہمی پر غور و خوض، ایم ڈی کا خطاب
حیدرآباد۔7۔جنوری(سیاست نیوز) پرانے شہر میں میٹرو ریل کے تعمیراتی کاموں کے آغاز کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے ہدایات کے بعد حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیدارو ںنے ہنگامی اجلاسوں کے انعقاد کے ذریعہ میٹرو ریل دوسرے مرحلہ کے تعمیری کاموں کے آغاز کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے اور منیجنگ ڈائریکٹر حیدرآباد میٹرو ریل مسٹر این وی ایس ریڈی کی نگرانی میں میٹرو بھون میں منعقدہ انجنئیرس اور سرکردہ عہدیداروں کے اجلاس کے دوران انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایم جی بی ایس تا فلک نما میٹرو ریل کے تعمیری کاموں کے آغاز کے ساتھ ساتھ اسے چندرائن گٹہ سے ائیر پورٹ پہنچانے کے منصوبہ پر بھی کام کریں ۔ مسٹر این وی ایس ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ایم جی بی ایس تاائیر پورٹ براہ فلک نما و چندرائن گٹہ میٹرو لائن کی منصوبہ بندی کے ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ میٹرو ریل میں لگیج کی گنجائش فراہم کی جائے کیونکہ یہ لائن ائیر پورٹ تک پہنچے گی اور ائیر پورٹ پہنچنے والے مسافرین کے ساتھ لگیج بھی ہوتا ہے اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ منیجنگ ڈائریکٹر حیدرآباد میٹرو ریل نے اجلاس کے دوران بتایا کہ ایم جی بی ایس تا فلک نما داہداری کا منصوبہ تیار ہے لیکن اس کے ساتھ اب چندرائن گٹہ اور ائیر پورٹ سے راہداری کو مربوط کرنے کی منصوبہ بندی کرنے کے ساتھ ساتھ ناگول سے چندرائن گٹہ پہنچنے والی راہداری پر بھی کام کیا جانا ہے۔ انہوں نے اجلاس کے دوران انجنیئرس کو مشورہ دیا کہ وہ ریاستی حکومت کے منصوبہ کے مطابق میٹرو ریل کو منافع بخص بنانے والی راہداری پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ اس راہداری پر آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کے سلسلہ میں بھی منصوبہ بندی کرتے ہوئے جامع منصوبہ حکومت کو پیش کرنے کے لئے تیار رہیں۔ اجلاس میں چندرائن گٹہ چوراہے پر موجود فلائی اوور کے علاوہ دیگر امور کا بھی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ چندرائن گٹہ میٹرو اسٹیشن جو کہ راہداری کی تبدیلی کا مرکز ہوگا اس کی تیاری کے سلسلہ میں بھی انجینئیرس کو باریکی سے مطالعہ کرنا ہوگا کیونکہ چندرائن گٹہ پر ناگول سے پہنچنے والی راہداری کو مربوط کرتے ہوئے اسے ائیر پورٹ کی سمت موڑا جائے گا۔ 3