حیدرآباد یونیورسٹی‘ ملک کی چوتھی بہترین یونیورسٹی

,

   

حیدرآباد۔ یونیورسٹی آف حیدرآباد کو ملک کی بہترین جامعات میں شامل کیا گیا ہے ۔دی ویک ۔ ہنسا ریسرچ سروے برائے 2020 میں یونیورسٹی آف حیدرآباد کو چوتھا رینک حاصل ہوا ہے ۔ اس کے علاوہ اس یونیورسٹی کو جنوبی ہند میںسر فہرست مقام حاصل ہوا ہے ۔ آج جاری کردہ ایک اعلامیہ میں یونیورسٹی آف حیدرآباد نے مطلع کیا کہ ملک کی 80 ملٹی ڈسیپلینری یونیورسٹیز میں اس نے چوتھا مقام برقرار رکھا ہے جو سال گذشتہ حاصل ہوا تھا ۔ اس سروے میںریاستی ‘ مرکزی ‘ خانگی یونیورسٹیز کا احاطہ کیا گیا تھا ۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اپا راو پوڈیلے نے بتایا کہ یونیورسٹی آف حیدرآباد کی جانب سے بہتر پیشرفت کی جا رہی ہے ۔فیکلٹی ‘ طلبا ‘ طلبائے قدیم اور غیر تدریسی عملہ کی کوششوں کی وجہ سے یہ ممکن ہوسکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے کچھ اضافی معیاری اقدامات بھی کئے گئے ہیں جس سے اس یونیورسٹی کو مہارت والے ادارہ کی حیثیت سے تسلیم کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی حکام کی جانب سے جامعہ کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے موقف کو مزید بہتر بنانے کیلئے کوششیں جاری رہیں ۔ اس سلسلہ میںعالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے ۔