نئی دہلی : حیدرآباد وستارا طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ ہوئی ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ پرواز کا رُخ جئے پور کی طرف موڑ دیا گیا تھا ۔ اطلاعات ہیں کہ ایک مسافر کی اچانک طبیعت خراب ہو گئی تھی اسی وجہ سے طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ ہوئی ۔اس سے پہلے ایسی معلومات آئی تھیں کہ طیارہ کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے لیکن اب تصدیق ہوچکی ہے کہ یہ ایک طبی ایمرجنسی تھی ۔معلومات کے مطابق مریض کو لینڈنگ کے فوراً بعد ایک قریبی ہاسپٹل میں شریک کروا دیا گیا ہے ۔ ابھی تک اس مریض کی صحت کے بارے میں کوئی معلومات پتہ نہیں چل سکیں ۔ مسلسل مل رہی بم کی دھمکیوں کی وجہ سے پوری ایئر لائن انڈسٹری پریشان ہے ۔ حکومت بھی اس وجہ سے کافی بے چین ہے ۔ اب تک جتنی بھی دھمکیاں ملی ہیں وہ سب فرضی ثابت ہوئی ہیں ۔ کئی لوگوں کی گرفتاری بھی عمل میں آئی لیکن تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا ہے کہ عام اکاؤنٹ سے مسلسل ایک ہی طرز کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔