حیدرآباد آئی پی ایل کے لئے تیار

   


حیدرآباد : ہندوستانی کرکٹ کے سابق کپتان اور حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے موجودہ صدر اظہرالدین نے کہا ہیکہ حیدرآباد آئی پی ایل کے مقابلوں کی میزبانی کیلئے پوری طرح تیار ہے اور وہ رواں برس آئی پی ایل کے مقابلے کورونا کے تمام تر حفاظتی انتظامات کے ساتھ کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ اظہرالدین مزید کہا کہ وہ تلنگانہ کے ریاستی وزیر کے ٹی آر کی جانب سے حیدرآباد کو آئی پی ایل کی میزبان فراہم کرنے کی اپیل کی مکمل طور پر حمایت کرتے ہیں۔ یاد رہے گذشتہ روز کے ٹی آر نے بی سی سی آئی اور آئی پی ایل منتظمین کو ٹوئیٹ کرتے ہوئے حیدرآباد کو آئی پی ایل کی میزبانی دینے کی طرف توجہ مبذول کروائی تھی جس کی اظہرالدین نے مکمل حمایت کی۔ اظہرالدین نے اس ضمن میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد بائیو سکیور ببل کے ساتھ آئی پی ایل کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔ گذشتہ سیزن آئی پی ایل کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں کیا گیا تھا لیکن اس مرتبہ آئی پی ایل کے 14 ویں سیزن کا انعقاد ہندوستان میں کرنے کیلئے بی سی سی آئی اور آئی پی ایل منتظمین تیاریوں میں مصروف ہیں لیکن کورونا کی وجہ سے آئی پی ایل کو پہلے صرف ایک ہی مقام ممبئی میں منعقد کرنے پر غور کیا جارہا تھا کیونکہ ممبئی میں ایک سے زائد میدان موجود ہیں لیکن مہاراشٹرا میں کورونا کے بڑھتے معاملات کی وجہ سے بی سی سی آئی نے ممبئی کی میزبانی کو ختم کرنے پر غور شروع کردیا ہے اور ساتھ ہی ابتدائی 5 مقامات میں حیدرآباد کو شامل نہیں کیا جس پر کے ٹی آر نے بی سی سی آئی اور آئی پی ایل منتظمین کو کھلا ٹوئیٹ کرتے ہوئے حیدرآباد کو میزبانی دینے کی اپیل کی ہے۔ کے ٹی آر نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا تھا کہ ممبئی کے علاوہ دیگر شہروں کی بنسبت حیدرآباد میں کورونا کے معاملات کافی حد تک کم ہیں اور ریاست تلنگانہ میں کورونا پر قابو پانے میں دوسری ریاستوں کی بنسبت زیادہ کامیابی حاصل کی ہے جبکہ حیدرآباد کورونا سے کافی حد تک محفوظ ہے۔ یاد رہے گذشتہ ماہ چینائی میں آئی پی ایل 2021ء کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی مکمل ہوچکی ہے جس کے بعد بی سی سی آئی لیگ کو تقریباً 5 شہروں میں منعقد کرنے پر غوروخوض کررہی ہے۔ اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے عہدیدار نے پہلے ہی کہا ہیکہ 14ویں ایڈیشن کے انعقاد کیلئے ہنوز وقت باقی ہے تاہم امکانات روشن ہیکہ اس لیگ کو ایک سے زائد شہروں میں منعقد کیا جائے گا۔ بی سی سی آئی کی جانب سے ممبئی کو پہلی ترجیح دی جارہی تھی تاہم مہاراشٹرا میں کورونا کے مریضوں کی بڑھتی تعداد نے اس شہر کی میزبانی پر بھی سوالیہ نشان لگادیا ہے جبکہ مغربی بنگال میں بھی انتخابات کے پیش نظر آئی پی ایل کا انعقاد مشکل دکھائی دے رہا ہے جبکہ حیدرآباد میں نہ ہی وبائی مرض شدید ہے اور نہ ہی یہاں کسی قسم کے کوئی انتخابات ہیں لہٰذا حیدرآباد کو میزبانی کیلئے اپنی مضبوط دعویداری پیش کرنے میں کوئی رکاوٹیں نہیں ہیں۔