کوربا، 12 اکتوبر (یو این آئی) چھتیس گڑھ کے کوربا میں واقع کسمونڈا علاقے کی آؤٹ سورسنگ کمپنی نیل کنٹھ ایک بار پھر سرخیوں میں ہے ، سوشل میڈیا پر اتوار کے روز خاتون باؤنسروں کی ایک اور ویڈیو وائرل ہوئی ہے ، جس میں وہ ایک نوجوان کے ساتھ مارپیٹ اور دھکا مکی کرتی نظر آ رہی ہیں۔ اطلاع کے مطابق نوجوان کی شناخت سمیر پٹیل کے طور پر ہوئی ہے ۔سمیر نے نیل کنٹھ کمپنی میں نوکری کے لیے درخواست دی تھی، لیکن کمپنی کی جانب سے بار بار کی ٹال مٹول کے بعد وہ کمپنی کے احاطے میں پہنچ گیا تھا، اسی دوران خاتون باؤنسروں نے اس کے ساتھ مارپیٹ کی، جس کی ویڈیو اب وائرل ہو چکی ہے ، کچھ دن پہلے بھی خاتون باؤنسروں کی جانب سے خواتین کے ساتھ بدتمیزی کا ویڈیو سامنے آیا تھا۔نیل کنٹھ کمپنی نے اپنی صفائی میں کہا ہے کہ نوجوان شراب کے نشے میں تھا اورپہلے اس نے باؤنسروں سے بدسلوکی کی تھی، اسی بنیاد پر نوجوان کے خلاف کسمونڈا تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔