خاتون صحافی سے بدسلوکی اور بہار سیلاب کے مستقل حل کیلئے حکومت جواب دے

   

جنترمنتر پر صحافیو ں کو گھسیٹا گیا اور کیمرے چھینے گئے ، بہار میں سینکڑو ں گاؤں ڈوب گئے: راہول گاندھی

نئی دہلی، 3 اکتوبر (یواین آئی) کانگریس کے سابق صدر اور رہنما راہول گاندھی نے جنتر منتر پر ایک خاتون صحافی کے ساتھ پولیس افسر کی بدسلوکی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اس معاملے پر جواب طلب کیا ہے ۔راہول گاندھی نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ایک خاتون صحافی نے جنتر منتر پر ایک پولیس افسر پر بدسلوکی کا الزام لگایا ہے اور سیکڑوں صحافی کئی گھنٹوں سے صرف ایف آئی آر درج کرنے کے مطالبے کو لے کر بیٹھے رہے ، لیکن پولیس نے ایف آئی آر درج نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ جنتر منتر پر سیکڑوں لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے اور خواتین مظاہرین کے ساتھ بدسلوکی کے الزامات بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔ کیمرے چھینے گئے اور صحافیوں کو گھسیٹا گیا۔راہول نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے ۔ اس سے پہلے بھی ویڈیو شواہد کے ساتھ پولیس افسران کی جانب سے خواتین کے ساتھ بدسلوکی کے معاملات سامنے آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی خواتین اور طالبات اپنی سلامتی کو لے کر خوف زدہ ہیں اور ستیہ گرہ کر رہی ہیں، لیکن جس پولیس پر خواتین کی حفاظت کی ذمہ داری ہے ، وہی خواتین پر ہاتھ اٹھا رہی ہے ۔انہوں نے سوال کیا کہ جو حکومت ایک خاتون کی شکایت درج کرنے سے ڈرتی ہے ، وہ آخر کس کی حفاظت کر رہی ہے ؟ انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس وزارت داخلہ کے ماتحت ہے اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو اس کا جواب دینا ہوگا۔راہول گاندھی نے بہار میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اب ایک سالانہ سانحہ بن چکا ہے اور اس کے مستقل حل کی سمت میں ضروری اقدامات کرنا اب لازمی ہو گیا ہے ۔راہول نے اتوار کو سوشل میڈیا ‘ایکس’ پر کہا کہ بہار میں سیلاب ایک بار پھر قہر بن کر ٹوٹا ہے جس سے لاکھوں افراد متاثر ہیں اور سینکڑوں گاؤں ڈوب چکے ہیں۔ متعدد افراد کی موت ہو گئی ہے اور کئی لوگوں کے لاپتہ ہونے کی خبر ہے ۔ جن خاندانوں نے اپنے عزیزوں کو کھویا ہے ، ان کے ساتھ انہوں نے گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سب سے دکھ کی بات یہ ہے کہ بہار میں یہ بحران نیا نہیں ہے ۔ ہر سال سیلاب آتا ہے ، اموات ہوتی ہیں، خاندان اجڑتے ہیں اور لوگ نقل مکانی کرتے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت سے پوچھا کہ گزشتہ 17 سالوں میں اس سالانہ سانحے سے نمٹنے کے لیے کیا کیا گیا اور زمین پر کیا بدلا ہے ۔
راہول گاندھی نے کہا کہ بہار کے لوگوں کو ہر سال صرف امداد اور یقین دہانی نہیں، بلکہ ایک مستقل حل چاہیے ۔