جے پور: راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوٹ نے پرتاپ گڑھ ضلع کے دھریاواد تھانہ علاقے میں ایک خاتون کو برہنہ گھمانے کے معاملے میں ملزمین کے خلاف سخت ترین کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے ۔اس واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد وزیر اعلیٰ اشوک گہلوٹ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ پرتاپ گڑھ ضلع میں مائیکے اور سسرال کے لوگوں کے باہمی خاندانی تنازعہ میں سسرال والوں کے ذریعہ ایک خاتون کو برہنہ کرنے کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس امیش مشرا کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (کرائم) ایم این دنیش کو موقع پر بھیجیں اور اس معاملے میں سخت کارروائی کریں۔ گہلوٹ نے کہا کہ مہذب معاشرے میں ایسے مجرموں کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔ ان مجرموں کو جلد از جلد سلاخوں کے پیچھے ڈال کرفاسٹ ٹریک کورٹ میں مقدمہ چلایا جائے گا اور سزا دی جائے گی۔ دوسری جانب اس معاملے کو لے کر سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے نے سوشل میڈیا کے ذریعہ کہا کہ پرتاپ گڑھ ضلع میں حاملہ خاتون کوسرعام برہنہ کیے جانے کا ایک فحش ویڈیو وائرل ہوتا رہا اور انتظامیہ کو اس واقعے کی خبر تک نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں خواتین کے خلاف جرائم اس قدررونما ہورہے ہیں کہ راجستھان کو ہر روز شرمندہ ہونا پڑ رہا ہے ۔ خواتین کے خلاف مظالم میں ریاست کو ملک میں نمبر ون بنانے کی ذمہ دار خود کانگریس حکومت ہے ۔