خالصتانی حامی پتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش؟

   

امریکی پولیس کی جانب سے نکھل گپتاگرفتار‘قانونی کاروائی
نئی دہلی: کینیڈا کے بعد امریکہ میں خالصتانی دہشت گرد اور جسٹس فار سکھ تنظیم کے سربراہ گروپتونت سنگھ پنو کے حوالے سے ہندوستان کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ امریکی پولیس نے ہندوستانی نژاد نکھل گپتا کو دہشت گرد پنوں کے قتل کی سازش کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔ نیویارک میں امریکی اٹارنی ڈیمین ولیمز نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ مدعا علیہ نے ہندوستان سے نیو یارک شہر جانے والے ہندوستانی نژاد امریکی شہری کو قتل کرنے کی سازش کی جو کھلے عام سکھوں کے لیے علیحدہ وطن کی وکالت کرتا ہے۔ اس پورے بیان میں پنوں کا نام کہیں نہیں لکھا ہوا تھا۔امریکی محکمہ انصاف نے اس پورے معاملے کو لیکر ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ نکھل گپتا قتل کی سازش کے لیے ایک نامعلوم ہندوستانی سرکاری اہلکار کے ذریعے بھرتی کیے جانے سے پہلے منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ کرتا تھا۔ 52 سالہ نکھل گپتا ہندوستانی شہری ہے۔ گپتا کو جمہوریہ چیک کے حکام نے اس سال 30 جون کو امریکہ اور جمہوریہ چیک کے درمیان دو طرفہ حوالگی کے معاہدے کے تحت گرفتار کیا تھا۔