مونگیر: اپوزیشن لیڈر اور انڈیا اتحاد میں شامل تیجسوی یادو خانقاہ رحمانی مونگیر پہنچے جہاں سب سے پہلے انہوں نے خانقاہ رحمانی کے بزرگان دین کو خراج عقیدت پیش کیا اور پھر اپنے وفد کے ساتھ امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی سے ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے اپنے والد لالو پرساد یادو کی بھی فون پرامیر شریعت سے بات کروائی۔
ملاقات بہت ہی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ ملاقات میں انہوں نے دہرایا کہ ان کے خاندان کا خانقاہ رحمانی کے اکابر سے ہمیشہ گہرا تعلق رہا ہے ۔ خاص طور سے ان کے والد صاحب کا مولانا محمد ولی رحمانی صاحب سے بڑا گہرا رشتہ رہا ہے اور ان کے خاندان والے خانقاہ رحمانی میں حاضری دیتے رہے ہیں۔اسی روایت کو دہراتے ہوئے خانقاہ رحمانی مونگیر میں ان کی بھی حاضری ہوئی ہے ۔ اس موقع پر تیجیسوی یادو نے اپنے پریس بیان میں کہا کہ خانقاہ رحمانی روحانی اور علمی ورثے کا ایک اہم مرکز، ملک کو آزاد کرانے والے قائدین کا گہوارہ اور ہمارے ریاست کی شان ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس دورے کا مقصد امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی، سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر سے ملاقات کر کے موجودہ قومی مسائل پر گفتگو اور سیکولر قوتوں کو مضبوط کرنے کی حکمت عملی طے کرنا تھا۔