مقامی عوام نے 30 طلبہ کو محفوظ طریقہ سے بچالیا ، ریاستی وزیر سرینواس ریڈی کا ریلوے عہدیداروں پر برہمی کا اظہار
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : روڈ انڈر برج میں پانی داخل ہوجانے سے ایک خانگی اسکول بس پانی میں پھنس گئی 30 طلبہ کو محفوظ طریقہ سے باہر نکال لیا گیا جس سے بڑا حادثہ ٹل گیا ۔ ریاستی وزیر اکسائز سرینواس گوڑ نے اس واقعہ کے لیے محکمہ ریلوے کی غفلت اور لاپرواہی کو ذمہ دار قرار دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع محبوب نگر میں گذشتہ دو دن سے موسلادھار بارش ہورہی ہے ۔ جمعرات کی رات کو زور دار بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں محبوب نگر منڈل کے کوڈور کے پاس موجود ریلوے انڈر گراونڈ برج کے نیچے بڑے پیمانے پر پانی جمع ہوگیا ۔ جمعہ کے دن صبح میں ریلوے انڈر برج کے پاس ایک خانگی اسکول کی بس جس میں 30 طلبہ سوار تھے پانی میں پھنس گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے بس میں پانی جمع ہونا شروع ہوگیا ۔ مقامی عوام نے فوری چوکسی اختیار کرتے ہوئے طلبہ کو محفوظ طریقہ سے بس سے باہر نکالا بعد ازاں ٹریکٹر کی مدد سے پانی میں پھنسی ہوئی بس کو باہر نکالا گیا ۔ اس واقعہ پر ریاستی وزیر سرینواس ریڈی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے زیر قیادت مرکزی حکومت ریلوے کو خانگی شعبہ کے حوالے کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ اسی کے طور پر ملازمین کی تعداد کو گھٹانے کے لیے تمام مقامات پر موجود لیول کراسنگ کو برخاست کرتے ہوئے انڈر پاس تعمیر کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیرات میں کئی نقائص ہیں مناسب ڈرینج نظام تیار نہ کرنے کی وجہ سے موسم برسات کے دوران انڈر پاس میں پانی جمع ہورہا ہے ۔ جس سے بڑے پیمانے کے حادثات ہونے کے خطرات پیدا ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے ریلوے ملازمین پر برہمی کا اظہار کیا ۔ن