خانگی دواخانوں کو آیوشمان یوجنا کی قیمت پر علاج کرنا چاہئے ؟

   

نئی دہلی، 5جون (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے جمعہ کو مرکزی حکومت سے دریافت کیا کہ کیا حکومت سے رعایتی شرح پر لی گئی زمین پر بنے پرائیویٹ اسپتالوں کو آیوشمان یوجنا کے تحت مقررہ قیمت پر علاج کے لئے کہا جاسکتا ہے ۔چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے ، جج اے ایس بوپنا اور جج ہرشی کیش رائے پر مشتمل بنچ نے سچن جین کی عرضی پر سماعت کے دوران مرکزی حکومت سے یہ سوال کیا۔ عدالت نے پرائیویٹ اسپتالوں سے بھی پوچھا کہ کیا وہ آیوشمان یوجنا کے تحت طے قیمت پر علاج کا خرچ لینے کے لئے تیار ہیں یا نہیں؟ عدالت نے مرکز اور پرائیوٹ اسپتالوں کو دو ہفتہ کے اندر اس بارے میں اپنا جواب دائر کرنے کے لئے کہا۔عدالت نے واضح کیا کہ اس معاملہ کی سماعت میں ان پرائیویٹ اسپتالوں یا چیریٹیبل ٹرسٹ پر بنے اسپتالوں کو ہی شامل کرے گا جنہیں حکومت نے رعایتی قیمت پر زمین دی ہو۔ جج بوبڈے نے کہاکہ اس بابت عدالت عظمی نے اپنے ایک فیصلہ میں کہا ہوا ہے کہ ایسے اسپتالوں کو کچھ مریضوں کا مفت علاج کرنا چاہئے ۔ہیلتھ کیئر فیڈریشن کی طرف سے پیش سینئر وکیل ہریش سالوے نے کہا کہ ہم پہلے سے ہی اس پر عمل کررہے ہیں۔ جس کسی کو بھی رعایتی شرح پر زمین ملی ہے ، وہ 25فیصد مریضوں کو مفت بستر اور علاج فراہم کررہا ہے ۔ مسٹر سالوے کی دلیل کی پرائیویٹ اسپتال ایسوسی ایشن کی طرف سے پیش وکیل مکل روہتگی نے بھی حمایت کی۔عرضی گزار نے کہاکہ کہ انہوں نے تمام غیرسرکاری اسپتالوں کو آیوشمان بھارت اسکیم کے نرخوں پر علاج مہیا کرانے کی مانگ جوڑنے کے لئے ایک دیگر عرضی دائر کی ہے ، جو موجودہ حالات سے مطابقت رکھتی ہے ۔
اس پر مرکزی حکومت کی جانب سے پیش ہوئے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ انہیں ابھی تک نئی عرضی کی کاپی موصول نہیں ہوئی ہے ۔ ایسی صورت میں عرضی کی ایک کاپی فراہم کی جانی چاہئے ۔ عدالت نے عرضی گزارکو ایک کاپی مرکز کو مہیاکرانے کو کہا ۔مسٹر جین کی دلیل تھی کہ مرکز نے آیوشمان بھارت اسکیم شروع کی ہے جو پرائیوٹ اسپتالوں میں بھی نافذ ہو ۔ لہذا تمام ایوشمان بھارت کے تحت مقرر کردہ فیس اسپتالوں میں لاگو کی جانی چاہئے ۔ اس پر مسٹر مہتا نے کہا کہ آیوشمان بھارت اسکیم صرف اس کے مستفید ین کے لئے نافذ کی گئی ہے ۔مسٹر جین نے مسٹر مہتا کی اس دلیل پر اعتراض کرتے ہوئے کیا کہ حکومت کو شہریوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے ، نہ کہ کارپوریٹ اسپتالوں کے ساتھ ۔ کورونا کے علاج و معالجہ کا پیکج آیوشمان بھارت اسکیم میں دستیاب ہے ، جس میں اوسطا یومیہ بل چار ہزار روپے ہے ۔ اس کے بعد عدالت نے مرکز سے پوچھا کہ کیا اس قیمت پر بھی پرائیوٹ اسپتالوں میں علاج ہو سکتا ہے ؟۔اب اس معاملے پر دو ہفتوں کے بعد سماعت ہو گی ۔