خانگی ٹراویلس بسوں کے طرز پر سلیپر سرویس

   

تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کا فیصلہ
حیدرآباد۔/13 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( ٹی ایس آر ٹی سی ) نے خانگی ٹراویلس بسوں کی طرز پر سلیپر سرویس کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے اور اس منصوبہ پر عمل آوری کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ آر ٹی سی کے نئے منیجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار نے اس سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تہواروں کے موقع پر خانگی ٹراویل بسوں کو شہریوں کی جانب سے دی جانے والی اہمیت اور اس کے مقابل آر ٹی سی کا موقف اور حالات کا جائزہ لیا گیا۔ خانگی بسوں میں سلیپر سرویس ہونے کے سبب عوام ان بسوں کو پسند کرتے ہیں اور ان میں سفر کرنے کو اہمیت دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ آر ٹی سی اور خانگی بسوں کے درمیان اکوپنسی کے بڑے فرق کا اصل سبب بھی بسوں میں سلیپر سہولیات کا نہ ہونا ہے۔ دور دراز سفر اور طویل مسافت والے سفر میں آرام کو اہمیت دی جارہی ہے۔ خانگی بسوں نے شہریوں کے رجحان کے لحاظ سے اپنے آپ کو تیار کرلیا لیکن آر ٹی سی میں تاحال اس طرح کے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ فی الحال حیدرآباد سے ایک ہزار سلیپر سرویس چلائے جاتے ہیں۔ آر ٹی سی کو فائدہ میں لانے کے اقدامات کے تحت سلیپر سرویس کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ سابق میں اس طرح کے اقدام کے آغاز پر ایک اعلیٰ عہدیدار نے روک لگادی تھی تاہم اب وی سی سجنار نے آر ٹی سی میں سلیپر سرویس کے آغاز کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ امکان ہے کہ آر ٹی سی اس منصوبہ پر عمل آوری کیلئے بہت جلد قرض حاصل کرے گی اور آئندہ سال سے آر ٹی سی سلیپر سرویس کا آغاز ہوگا۔ ع