خانگی یونیورسٹی میں طالب علم کے اقدام خودکشی سے سنسنی

   

بال کاٹنے ڈین کے دباؤ سے طالب علم دلبرداشتہ ، ناچارم پولیس میں شکایت درج
حیدرآباد /18 فروری ( سیاست نیوز ) شہر کے مضافات میں واقع خانگی یونیورسٹی میں طالب علم کے اقدام خودکشی سے سنسنی پھیل گئی ۔ سر کے بال کٹوانے کیلئے ڈین کا مبینہ دباؤ اور رسوائی سے دلبرداشتہ ہوکر طالب علم نے عمارت کی بلندی سے چھلانگ لگانے کی کوشش گذرشتہ روز پیش آئے ۔ اس واقعہ کو راز میں رکھنے کی ہر ممکنہ کوشش کی گئی لیکن زخمی طالب علم کے بھائی نے ناچارم پولیس میں اس واقعہ کی شکایت کردی ۔ انوراگ یونیورسٹی میں بی ٹیک سال اول کے طالب علم 19 سالہ گیانیشور ریڈی نے عمارت کی بلندی سے چھلانگ لگادی ۔ گیانیشور ریڈی پر بال کٹوانے کیلئے ڈین اور فزیکل ٹرینر نے دباؤ ڈالا تھا اور سرے عام اس طالب علم کو رسواء کیا گیا تاہم یونیورسٹی انتظامیہ نے بال کٹوانے کیلئے دباؤ کی بات سے انکار کردیا اور کہا کہ پہلے سمسٹر میں 4 پرچوں میں ناکامی پر محنت کرنے کیلئے زور دیا گیا ۔ سال اول کے پہلے ہی سمسٹر میں اس طرح کے تعلیمی مظاہرہ پر تشویش ظاہر کی گئی تھی ۔ طالب علم کی حالت خطرے سے باہر ہے لیکن اس کے پیروں کو شدید نقصان پہونچا ۔ ع