خانہ پور آوٹر سرویس روڈ پر المناک سڑک حادثہ تین افراد ہلاک ، زخمی ڈرائیور ہاسپٹل منتقل

   

حیدرآباد ۔ /9 جنوری (سیاست نیوز) نارسنگی گنڈی پیٹ آؤٹر رنگ روڈ پر پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ خانہ پور آؤٹر سرویس روڈ پر ٹاٹا ایس آٹو اور ایک کنکر کی لاری کا تصادم ہوگیا جس کے نتیجہ میں دو افراد برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ پولیس نارسنگی کے بموجب اس حادثہ میں ہیمنت اور انیل برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے نعشوں کو بغرض
پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس حادثہ میں زخمی ڈرائیور بھی زیرعلاج ہے ۔

بیوی کا قاتل شوہر گرفتار
حیدرآباد ۔ /9 جنوری (سیاست نیوز) بیوی کے قتل میں ملوث ایک شوہر کو ترملگیری پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ انسپکٹر روی کمار نے بتایا کہ 30 سالہ این کرشنا کیاپ ڈرائیور کی شادی 2011 ء میں اشونی سے ہوئی تھی اور انہیں ایک لڑکا بھی ہے ۔ گزشتہ چند سالوں سے دونوں کے درمیان جھگڑا چل رہا تھا جس کے نتیجہ میں بیوی اپنے میکے چلی گئی تھی ۔ کرشنا نے /29 ڈسمبر کو جھگڑے کی یکسوئی کرنے اور دوبارہ اس کے ساتھ اچھی زندگی گزارنے کا وعدہ کرکے اسے اپنے مکان طلب کیا اور بعد ازاں اس کے سرپر لاٹھی سے وار کرنے کے بعد سر پر وزنی پتھر ڈالکر قتل کردیا ۔ پولیس نے گرفتار شوہر کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔