ختم سال تک 75 ہزار ڈبل بیڈ روم مکان تیار ہوجائیںگے

,

   

رام پلی میں 6,240 مکانات کے تعمیری کاموں کا معائنہ ۔ مئیر حیدرآباد کا بیان

حیدرآباد۔ مئیر حیدرآباد بی رام موہن نے کہا کہ رام پلی میں 6,240 ڈبل بیڈ روم مکانات افتتاح کیلئے تیار ہوجائیں گے جبکہ سال کے اواخر تک مزید 75,000 مکانات کی تکمیل کرلی جائے گی ۔ مئیر حیدرآباد نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مکانات کے الاٹمنٹ کیلئے کسی ایجنٹ یا درمیانی آدمی سے رابطہ نہ کریں۔ ریاستی حکومت مکانات کے الاٹمنٹ میں انتہائی شفاف طریقہ کار اختیار کر رہی ہے اور ریوینیو محکمہ کی جانب سے اہل استفادہ کنندگان کی شناخت کی جائے گی ۔ مئیر نے کہا کہ مکانات کے الاٹمنٹ میں بے قاعدگیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے کیونکہ الاٹمنٹ کا سارا عمل آن لائین ہوگا اور استفادہ کنندگان کی تفصیلات کو آدھار کارڈ سے مربوط کیا جائیگا وہ ایک سے زائد مقامات پر استفادہ نہ کر پائیں۔ مئیر نے آج رام پلی سائیٹ پر مکانات کی تعمیر کا معائنہ کیا ۔ یہاں 53 بلاکس میں 6,240 مکانات تعمیر کئے گئے ہیں ۔ بلدیہ کی جانب سے کام انجام دینے والی ایجنسی کی ہر طرح سے مدد کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب مکانات کی تعمیر مکمل کرنے کاموں کو تیز کیا جا رہا ہے ۔اس کیلئے منفرد نوعیت کی ٹکنالوجی بھی استعمال کی جا رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہر مکان کی تعمیر پر جملہ 8.75 لاکھ روپئے کا خرچ آ رہا ہے اور تعمیر کے مقام پر جو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں وہ کسی بھی خانگی گیٹیڈ کمیونٹی کے برابر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں شاپنگ کامپلکس ہے ‘ پلے ایریا ‘ اسکول ‘ انڈور اسٹیم اور گیس پائپ کنکشن وغیرہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ لائیٹس کو برقی کی سربراہی ‘ ٹرانسفارمرس کی تنصیب وغیرہ کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔ مئیر نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کے ویژن کے مطابق تمام سہولیات اور بنیادی ضروریات ڈبل بیڈ روم مکانات میں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ یہاں رہنے والوں کی عزت نفس متاثر نہ ہونے پائے۔