خشوگی کے بچوں کو سعودی عرب کی مالی امداد

   

ریاض،2اپریل(سیاست ڈاٹ کام )امریکی روزنامے ‘واشنگٹن پوسٹ’ میں کالم لکھ کر سعودی عرب کے حکمراں کے خلاف آواز بلند کرنے والے سعودی نژاد صحافی جمال خشوگی کے قتل کے بعد ان کے چار بچوں کو ہر ماہ 10ہزار ڈالر کی رقم مالی امدادکے طورپردی جارہی ہے ،جس کے بارے میں یہ کہا جارہا ہے کہ سعودی عرب حکومت نے یہ قدم مقتول صحافی کے اہل خانہ کو خاموش کرانے کے لئے اٹھایا ہے ۔سعودی اہلکاروں کے مطابق مسٹر خشوگی کے چار بچوں ،دو بیٹے اور دو بیٹیوں کو اس کے علاوہ جدہ میں 40لاکھ ڈالر کے مکان بھی دئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا،‘‘ہر بچے کو 10ہزار ڈالر اور مکان دئے گئے ہیں اور یہ رقم ہر ماہ دی جارہی ہے ۔ممکن ہے کہ مکان بعد میں بیچ دئے جائیں گے اور بچے وہ رقم لے لیں گے ۔’’اہلکاروں کا خیال ہے کہ خشوگی قتل کی سماعت پوری ہونے کے بعد بچوں کو اور بڑی رقم مل سکتی ہے ۔کچھ افسروں کا خیال ہے کہ صحافی کے قتل کے بعد سعودی حکمراں کے خلاف سخت مذمت سے بچنے کے لئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے ،حالانکہ ایک دیگر اہلکار نے کہا کہ اس طرح کے واقعات میں مارے جانے والوں کے رشتہ داروں کے لئے حکومت مالی مدد فراہم کرتی ہے ۔سعودی عرب کے ایک سابق افسر نے کہا کہ یہ مسٹر خشوگی کے بچوں کو رقم کی ادائیگی ایک طرح سے اس بات کا اعتراف ہے کہ ان کے ساتھ‘ سخت ناانصافی’ ہوئی ہے ۔