خشک سالی کی صورت میں کسانوں کو مسائل کا شکار ہونے نہیں دیا جائے گا

   

موسم گرما میں پینے کے پانی کا مسئلہ پیدا نہیں ہوگا ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا ویڈیو کانفرنس سے خطاب
حیدرآباد۔6۔مارچ۔(سیاست نیوز) ریاست میں خشک سالی کی صورت میں بھی کسانوں کو مسائل کا شکار ہونے نہیں دیا جائے گا اور نہ ہی انہیں تنہاء چھوڑا جائے گا۔ تلنگانہ کو درپیش خشک سالی سے نمٹنے کے لئے حکومت کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مسائل سے واقف ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاست کے مختلف اضلاع کے کسانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں سال گذشتہ کے دوران مناسب بارش نہ ہونے کے نتیجہ میں ریاست کو خشک سالی کا سامنا ہے اور ذخائرآب میں پانی کی قلت ہونے لگی ہے جس کے نتیجہ میں کئی اضلاع بالخصوص کریم نگر ‘ کھمم ‘ نلگنڈہ ‘ اور محبوب نگر کے علاقوں کے کسانوں کی جانب سے ذخائر آب سے پانی کی اجرائی کا مطالبہ کیا جا رہاہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ موسم گرما کے دوران پینے کے پانی کے کوئی مسائل پیدا نہ ہوں اور نہ ہی کسانوں کو کسی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑے اس کے لئے حکومت اپنے طور پر ہر کوشش کر رہی ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اپنی قیامگاہ سے شروع کئے گئے پروگرام ’رعیتو نیستم‘ سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔اس پروگرام میں سیکریٹریٹ سے ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک ‘ ریاستی وزیر زراعت مسٹر ٹی ناگیشور راؤ‘ کے علاوہ کسانوں کے نمائندوں اور محکمہ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ریاستی حکومت کی جانب سے پروفیسر جئے شنکر زرعی یونیورسٹی کے تعاون و اشتراک کے ذریعہ 97 کروڑ کے بجٹ سے اس نئے پروگرام کا آغاز کیا گیا ہیتاکہ ریاست بھر کے کسانوں کو جوڑتے ہوئے ان کے مسائل کے حل کے اقدامات کئے جاسکیں۔3