نیویارک : خلیجِ میکسیکو کا نام بدل کر خلیجِ امریکہ نہ لکھنے پر وائٹ ہاؤس میں امریکی خبر ایجنسی کے صحافی کا داخلہ غیر معینہ مدت تک روک دیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی خبر ایجنسی پر اوول آفس اور ایئر فورس ون میں داخلے کے لیے غیر معینہ مدت کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے عہدیداروں کے مطابق امریکی خبر ایجنسی کے رپورٹر کا وائٹ ہاؤس میں داخلہ اس لیے روکا گیا ہے کیونکہ نیوز ایجنسی نے خلیج میکسیکو کا نام بدل کر ’خلیج امریکہ‘ رکھنے کے ڈونالڈ ٹرمپ کے حکم کی تعمیل نہیں کی تھی۔ میڈیا کے مطابق امریکی خبرایجنسی صدارتی تقریبات کی رپورٹنگ نہیں کر سکے گی۔ امریکی خبر ایجنسی کے نامہ نگاروں کو ایئر فورس ون میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ سفر کرنے والے صحافیوں کے پول سے بھی علیحدہ کر دیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف ٹیلر بڈووچ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ خلیج میکسیکو کو خیلج امریکہ نہ لکھنے کا امریکی خبر ایجنسی کا فیصلہ غلط معلومات پھیلانے کے عزم کو بے نقاب کرتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلی ترمیم کے تحت غیر ذمے دارانہ رپورٹنگ کے حق کو محفوظ کیا گیا ہے، تاہم یہ اوول آفس اور ایئر فورس ون جیسی محدود جگہوں تک بلا روک ٹوک رسائی کے استحقاق کو یقینی نہیں بناتی۔ دریں اثناء خبر ایجنسی نے وائٹ ہاؤس کے اقدامات کو قانونی طور پر چیلنج کرنے کی تیاری کا اشارہ دیا ہے۔