خواتین اور بچوں کے تحفظ اورانصاف رسانی کیلئے بھروسہ سنٹرس کا قیام

   

پرانے شہر کے زہرہ نگر علاقہ میں سنگ بنیاد، وزیر داخلہ محمد محمود علی اور اعلیٰ عہدیداروں کی شرکت
حیدرآباد۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے قائم کئے جانے والے بھروسہ سنٹرس میں خاندانی اور معاشرہ کے دیگر تنازعات کو حل کیا جارہا ہے۔ محکمہ پولیس تنازعات کی یکسوئی اور بھروسہ سنٹرس کے ذریعہ خواتین اور بچوں کیلئے محفوظ معاشرہ کی تشکیل کی مساعی کررہی ہے۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے پرانے شہر کے زہرہ نگر علاقہ میں بھروسہ سنٹر عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ بھروسہ سنٹر خواتین اور بچوں پر ہورہے مظالم کے خلاف جدوجہد اور انہیں انصاف دلانے کیلئے کام کررہا ہے۔ ان سنٹروں کی جانب سے قانونی، میڈیکل ، پولیس اور مشاورت گویا ہر طرح کی مدد فراہم کی جارہی ہے۔ 2016 میں حیدرآباد کے حاکا بھون سے بھروسہ سنٹر کے قیام کا آغاز ہوا تھا جس کا اہم مقصد خواتین اور بچوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھروسہ سنٹر میں ایک ہی چھت کے نیچے پبلک اور پرائیویٹ مقامات پر مظالم کا شکار خواتین اور بچوں کے مسائل کا حل تلاش کیا جاتا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں تلنگانہ حکومت ریاست کی مجموعی ترقی کے راستہ پر گامزن ہے۔ چیف منسٹر نے محکمہ پولیس کو کافی اہمیت دی اور معقول فنڈز فراہم کئے ہیں۔ تلنگانہ حکومت خواتین کی حفاظت اور ان کی ترقی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ ان کے مسائل کے حل کیلئے شی ٹیم کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ریاست میں علحدہ ویمنس سیفٹی ونگ تشکیل دیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے تلنگانہ کے حفاظتی اقدامات کا ذکر کیا اور کہا کہ تلنگانہ عوام کی حفاظت اور سیکوریٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ میں 6.65 لاکھ کیمرے نصب کئے گئے جو ملک بھر کے 64 فیصد کیمرے ہیں۔ حیدرآباد میں 3.45 لاکھ کیمرے نصب کئے گئے۔ سی سی ٹی وی پراجکٹ میں حیدرآباد کو دنیا میں 16 واں مقام حاصل ہوا ہے۔ حکومت نے فرینڈلی پولیسنگ کے ذریعہ لاء اینڈ آرڈر کو بہتر بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ حیدرآباد میں ملک کا پہلا انٹگریٹیڈ پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا جارہا ہے۔ حکومت نے تلنگانہ پولیس کو 700 کروڑ کی لاگت سے نئی گاڑیاں فراہم کی ہیں۔ پرانے شہر کے بھروسہ سنٹر کی تعمیر کیلئے 4.08 کروڑ مختص کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت گھریلو تشدد کے خاتمہ کیلئے حیدرآباد میں 12 نئے فیملی کونسلنگ سنٹرس قائم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ تقریب میں ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی، پولیس کمشنر انجنی کمار، رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی، ارکان اسمبلی احمد پاشاہ قادری ، احمد بلعلہ کے علاوہ ایڈیشنل کمشنر شیکھا گوئل اور دوسرے موجود تھے۔