نئی دہلی: مرکزی کابینہ نے 1261 کروڑ روپے کے التزام والی خواتین سیلف ہیلپ گروپس کو ڈرون فراہم کرنے کی مرکزی اسکیم کو منظوری دے دی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں چہارشنبہ کو یہاں کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔ میٹنگ کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ اسکیم سال 2024-25 سے سال 2025-26 تک موثر رہے گی۔ اس اسکیم کا مقصد 15 ہزار منتخب خواتین کو ڈرون فراہم کرنا ہے تاکہ سال 2023-24 سے سال 2025-2026 تک زرعی مقاصد کے لیے کسانوں کو خدمات فراہم کی جاسکیں۔ اس اسکیم کا مقصد خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو بااختیار بنانا اور زراعت کے شعبے میں ڈرون ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے ۔ اس اسکیم کو زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت، دیہی ترقی کی وزارت، کھادوں کی وزارت، خواتین کے سیلف سروس گروپس اور بڑی کھاد کمپنیوں کے وسائل اور کوششوں سے نافذ کیا جائے گا۔ ڈرون کی قیمت کا 80 فیصد اور لوازمات اور معاون فیس، زیادہ سے زیادہ 8 لاکھ روپے تک خواتین کے گروپ کو دیئے جائیں گے ۔ باقی رقم کے لئے تین فیصد کی شرح سود پر قرض فراہم کیا جائے گا۔