خواتین کا چہرہ بدلنے والے متنازعہ ریالٹی شو کی مقبولیت

,

   

جنوبی کوریا۔5 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا میں پلاسٹک سرجری کا جنون ہے یہاں ایک پروگرام بہت مقبول ہورہا ہے جس میں انتہائی غریب لڑکیوں اور خواتین کا چہرہ کئی سرجریوں سے تبدیل کرکے انہیں اس طرح پیش کیا جاتا ہے کہ وہ پہچاننے میں نہیں آتیں تاہم ناقدین نے اس روش پر شدید تنقید کی ہے۔واضح رہے کہ اس پروگرام میں معمولی صورت، چہرے کے نقائص اور دیگر اقسام کی کمی کی حامل انتہائی غریب خواتین کو شامل کیا جاتا ہے۔ ان کی سرجری محض گوری رنگت یا ناک سیدھی کرنے تک محدود نہیں ہوتی بلکہ جبڑے کے پیچیدہ آپریشن کرکے اسے خاص شکل دی جاتی ہے جو عام حسن کی علامت ہے۔ اس طرح آپریشن سے پہلے اور بعد میں خاتون کا چہرہ یکسر بدل جاتا ہے۔اس پروگرام کا نام ’لیٹ می اِن‘ ہے جس میں شامل خواتین کا جبڑا، چہرہ، دانتوں کی سیدھ کو اس طرح بدلا جاتا ہے کہ وہ یک دم خوبصورت اور پرکشش دکھائی دیتی ہیں۔ یہ پروگرام گزشتہ 10 برس سے چل رہا ہے جسے ناظرین نے سراہا ہے۔ دوسری جانب ناقدین نے کہا ہے کہ یہ پروگرام بقیہ خواتین میں احساسِ محرومی پیدا کرتے ہوئے انہیں بھی پلاسٹک سرجری کے مہنگے ترین آپریشن کی طرف راغب کررہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فی کس آبادی میں پلاسٹک سرجری میں جنوبی کوریا پہلے نمبر پر ہے ۔یہاں تک کے کالج اور جامعات کی لڑکیوں میں ناک، ہونٹ اور آنکھیں بڑی کرانے والے آپریشن عام ہیں۔