خواتین کو نشانہ بنانے والے عادی سارقین گرفتار

   

مسروقہ مال ضبط، کمشنر حیدرآباد سٹی پولیس انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 18 مارچ (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں رہزنی کی وارداتیں انجام دیتے ہوئے عوام کو خوفزدہ کرنے اور خواتین کو نشانہ بنانے والے دو عادی رہزنوں کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور ان کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے ایک میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 26 سالہ سی روی متوطن ضلع سنگاریڈی اور اُس کا قریبی ساتھی سی انجنیلو متوطن ضلع میدک روزگار کی تلاش میں 12 سال قبل حیدرآباد منتقل ہوا تھا اور وہ مزدوری کے ذریعہ گزر بسر کررہا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ 6 ماہ سے روی اور انجنیلو سائبرآباد کے علاقہ سورارام، جیڈی میٹلہ اور بالا نگر علاقوں میں سیندھی نوشی کرتے تھے اور آسانی سے روپیہ کمانے اور اپنی ضروریات کی تکمیل کے لئے جاریہ سال جنوری سے رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہونے لگے۔ انجنی کمار نے کہاکہ انجنیلو نے ماہانہ اقساط پر بجاج پلسر موٹر سائیکل حاصل کی اور اِس موٹر سائیکل پر سروے کرتے ہوئے راہ چلتی خواتین کی نشاندہی کیا کرتے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ سنسان علاقوں میں راہ چلنے والی خواتین کے گلے سے طلائی چین اُڑالیا کرتے تھے اور علاقہ ایس آر نگر اور کوکٹ پلی میں اندرون 17 دن تین سنگین وارداتیں انجام دیں۔ ٹاسک فورس پولیس نے رہزنی کی وارداتوں کی روک تھام کے لئے حکمت عملی تیار کی اور اِس سلسلہ میں 300 سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا اور مذکورہ رہزنوں کی نشاندہی کی۔ ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے روی اور انجنیلو کو گرفتار کرتے ہوئے اُن کے قبضہ سے 10 تولے طلائی زیورات اور رہزنی میں استعمال کی جانے والی موٹر سائیکل جن کی مالیت 3 لاکھ روپئے ہے، ضبط کرلی گئی۔