خواتین کو نظر انداز کرنے والا معاشرہ اپنی نصف طاقت کھودیتا ہے: اردغان

   

انقرہ : ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ ہم نے ہر شعبے میں مثبت امتیازیت دے کر خواتین کو ان کے اہداف تک رسائی میں ضروری تعاون فراہم کیا ہے۔صدر اردغان نے استنبول میں منعقدہ ’محنت نسواں سربراہی اجلاس‘ میں شرکت کی۔انہوں نے خواتین انٹرپرائزروں اور خواتین کوآپریٹو سوسائٹیوں کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کیا اور تقریب سے خطاب میں کہا ہیکہ ہمارے ملک میں کئے گئے سب جمہوری اور ترقیاتی اقدامات کی طرح حالیہ 20 سالہ عرصہ میں کی گئی تمام اصلاحات میں بھی خواتین کا بڑا ہاتھ ہے۔ ہم ترکیہ کے سو سالوں کو بھی آپ کے ساتھ مل کر تعمیر کریں گے۔ صدر اردغان نے کہا ہیکہ یہ نیا امدادی پیکیج کاروباری مراکز سے منصوبوں تک، انرجی سے ٹیکنالوجی تک، ڈیجیٹلائزیشن سے ہاوسنگ تک متعدد پہلووں کا احاطہ کرے گا۔ ہم، کام کرنے والی، پیداوار دینے والی، زندہ رہنے اور زندہ رکھنے کیلئے کوشش کرنے والی ہر عورت کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا ہیکہ ’’عورتوں کو نظر انداز کرنے والا معاشرہ اپنی صلاحیت کے اور طاقت کے نصف حصے کو نظر انداز کرنے والے معاشرے کا مفہوم رکھتا ہے۔ عورت کنبے کا بنیادی ستون ہے اور یہ ایک حقیقت ہیکہ ہمارے ملک میں پیداوار کے ساتھ ساتھ سیاست میں بھی عورت کے وجود اور اثر و رسوخ میں اضافہ ہوا ہے۔ مضبوط کنبے کے بغیر مضبوط ملت کا قیام ناممکن ہے۔