لڑکیوں کی شادی کی عمر میں اضافہ کی تائید، صحت کی نگہداشت کیلئے تغذیہ بخش غذاؤں کے استعمال کا مشورہ
حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے کہا کہ خواتین کی ترقی اور انہیں خود مکتفی بنانے کیلئے تعلیم کا اہم رول ہے۔ خواتین میں تعلیم کو عام کرنے کیلئے حکومت اور غیر سرکاری اداروں کو توجہ دینی چاہیئے۔ گورنر سوندرا راجن ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے خواتین کی ترقی میں اہم رول کے موضوع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کررہی تھیں۔ آئی سی ایم آر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیوٹریشن نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی 131 ویں اور بابو جگجیون رام کی 115 ویں جینتی کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیا تھا۔ گورنر نے کہا کہ خواتین کو ہر شعبہ حیات میں موثر نمائندگی ملنی چاہیئے۔ ویمنس امپاورمنٹ کے سلسلہ میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے رول کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کا ایقان تھا کہ کسی بھی سماج اور ملک کی ترقی کا اندازہ خواتین کی ترقی کی بنیاد پر کیا جاسکتا ہے۔ گورنر نے دستور میں خواتین کو دیئے گئے حقوق کا ذکر کیا اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی جانب سے اس سلسلہ میں کی گئی مساعی کو خراج پیش کیا۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جنسی مساوات کی روح کے مطابق کام کریں اور خواتین کیلئے ترقی کے ممکنہ وسائل فراہم کئے جائیں۔ گورنر نے لڑکیوں کی شادی کی عمر میں اضافہ سے متعلق تجویز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس فیصلہ سے خواتین اور بچوں کی بہتر صحت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ سوندرا راجن جو خود ایک ڈاکٹر ہیں اپنے تجربات کا ذکر کیا اور کہا کہ خواتین اور بچوں کی صحت کی برقراری کیلئے فیملی پلاننگ اہم رول ادا کرتی ہے۔ گورنر نے تغذیہ بخش غذاؤں کے استعمال کے سلسلہ میں خواتین میں باقاعدہ شعور بیداری کی تجویز پیش کی۔ گورنر نے خواتین کے علاوہ کمزور طبقات کی ترقی اور سماج کے ہر شعبہ میں موثر نمائندگی کیلئے ڈاکٹر امبیڈکر اور بابو جگجیون رام کی خدمات کی یاد تازہ کی۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیوٹریشن کی ڈائرکٹر ہیما لتا اور دیگر سائینسداں اس موقع پر موجود تھے۔ر