خود ساختہ ٹاسک فورس پولیس ٹولی گرفتار

   

مرچ اسپرے، خنجر اور دیگر اشیاء ضبط ، کمشنرپولیس رچہ کنڈہ کا بیان
حیدرآباد /6 جنوری ( سیاست نیوز ) رچہ کنڈہ پولیس نے خود کو ٹاسک فورس پولیس ظاہر کرتے ہوئے سرقہ اور لوٹ مار کی وارداتیں انجام دینے والی ایک ٹولی کو بے نقاب کردیا جو مرچ اسپرے کے ذریعہ پٹرولنگ عملہ کو نشانہ بناتے تھے ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کیا ۔ اس ٹولی کے 15 ارکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ جن میں اصل سرغنہ 37 سالہ وردھن مانکندن ساکن کرماگورہ مادناپیٹ متوطن ٹاملناڈو کے علاوہ 38 سالہ بی پی یادیا ساکن جوپٹل 33 سالہ شیخ سعید عرف سلیم ساکن کومپلی 33 سالہ ایم اپیندر چاری عرف چاری ساکن بھونگیر اور اے لکشمی نارائنا عرف راجو کو گرفتار کرلیا راجو میرپیٹ کو 18 ڈسمبر کے دن گرفتار کیا تھا ۔ یہ ٹولی تقریباً 27 وارداتوں میں ملوث تھے ۔ ان کے قبضہ سے پولیس نے 47.5 تولہ طلائی زیورات 2 کیلو چاندی کے زیورات ایک ایر گن ہے ۔ خنجر مرچ اسپرے کے علاوہ دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ جس کی کل مالیت 22 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سال 2017 سے مانیکانند کی ٹولی سرگرم ہے اور سرقہ کی وارداتیں انجام دیتی آرہی ہے ۔ اس ٹولی کے خلاف محتلف پولیس اسٹیشنوں اپل ترکاپلی میرپیٹ ایل بی نگر ونستھلی پورم حیات نگر میں مقدمات درج ہیں ۔ مانیکانند ٹولی نے سکندرآباد کی ملیشی ٹولی سے ہاتھ ملا لیا تھا اور ان دونوں ٹولیوں میں دفینہ کی تلاش میں کھدوائی بھی انجام دی تھی اور ان کے خلاف ضلع نلگنڈہ کے دیورکنڈہ پولیس اسٹیشن میں کیس بھی درج ہے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ خاطیوں کی تلاش میں ٹاملناڈو پولیس نے رچہ کنڈہ پولیس کے ساتھ بہترین تعاون کیا ۔ مانیکانند ٹولی رات کے اوقات سرقہ کی وارداتوں میں ماہر تھی اور پہلے کالونیوں کا جائزہ لینے کے بعد مکانات کی نشاندہی کرلیا کرتے تھے اور پھر اس مکان میں سرقہ کی واردات انجام دیتے تھے ۔ اس دوران اپنی جسمانی حیثیت کا فائدہ اٹھاکر مانیکانند خود کو ٹاسک فورس پولیس سے وابستہ قراردیتا تھا اور پیپر اسپرے مرچ اسپرے کے ذریعہ سرقہ میں رکاوٹ بننے والوں کو نشانہ بنایا کرتا تھا ۔ اکثر یہ ٹولی پیٹرولنگ کی گاڑیوں سے خوف زدہ رہتی تھی اور مرچ ا سپرے پٹرولنگ عملہ پر استعمال کرتے ہوئے اس جگہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوجایا کرتے تھے ۔ پولیس نے اس ٹولی کو بے نقاب کردیا اور گرفتار کرلیا ۔