خود ستائی : داخلی خلفشار کے سال میں وزیراعظم مودی کو ’ خوبیاں ‘ نظر آئیں

,

   

ہندوستان اقتصادی شعبہ میں نئی مثال قائم کرے گا ، دوسری میعاد کے پہلے سال کی تکمیل پر قوم کے نام کھلا خط
نئی دہلی،30 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ۔ وزیر اعظم نریندرمودی نے آج کہا کہ ہندوستان نے اپنی یکجہتی سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں جس طرح سے پوری دنیا کو حیران کیا ہے ویسے ہی اقتصادی میدان میں بھی ملک نئی مثال قائم کرے گا۔مرکزمیں بھارتیہ جنتا پارٹی قیادت والی حکومت کی دوسری مدت کا ایک سال مکمل ہونے کے بعد مسٹر مودی نے ہم وطنوں کے نام لکھے کھلے خط میں اس اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے مکمل عزم کے ساتھ کہا ہے کہ 130 کروڑ لوگوں کا حال اور مستقبل کبھی بھی کوئی آفت فیصلہ نہیں کر سکتی۔مسٹر مودی نے لکھا ہے ‘‘آج یہ بحث بہت ہورہی ہے کہ ہندوستان سمیت تمام ممالک معیشت پر کورونا وائرس کی وجہ سے پیداہونے والے منفی حالات سے کس طرح باہر نکلے گا؟ لیکن دوسری طرف یہ یقین بھی ہے کہ جیسے ہندوستان نے اپنی یکجہتی سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پوری دنیا کو حیران کیا ہے ، ویسے ہی اقتصادی میدان میں بھی نئی مثال قائم کرے گا۔ 130 کروڑ ہندوستانی اپنی صلاحیت سے اقتصادی میدان میں بھی دنیا کو حیران ہی نہیں بلکہ حوصلہ افزائی بھی کر سکتے ہیں’’۔وزیر اعظم نے لکھا ہے کہ اگر حالات معمول پر ہوتے تو وہ عوام کے درمیان میں آکر سبھی کا آشیرواد لیتے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے انہیں خط کے ذریعہ لوگوں سے مخاطب ہونا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک تیز رفتار سے ترقی کی راہ پر بڑھ رہا تھا

لیکن کورونا وائرس کی عالمی وبا نے ہندوستان کو بھی گھیر لیا۔ ترقی یافتہ اور بہت بڑی معیشت والے ممالک کو کورونا وائرس کی وجہ سے ہوئی بدحالی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی آبادی اور کئی چیلنجوں کی وجہ سے یہ ہمارے لئے بہت مشکل حالات تھے اور اسے دیکھتے ہوئے کئی لوگوں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ جب کورونا وائرس ہندوستان پر حملہ کرے گا، تو ہندوستان پوری دنیا کے لئے بحران بن جائے گا۔ ملک کی اجتماعی طاقت اور یکجہتی نے ثابت کرکے دکھایا ہے کہ دنیا کے ترقی یافتہ اور امیر ممالک کے مقابلے میں بھی ہندستانیوں کی اجتماعی قوت اور صلاحیت بے مثال ہے ۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہندوستان اس چیلنج سے پار پائے گا اور اقتصادی میدان میں بھی اپنی اجتماعی طاقت اور یکجہتی سے مثال قائم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نمٹنے کا ایک ہی طریقہ ہے’’ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہی ہوگا. اپنے بل بوتے پر چلنا ہی ہوگا اور اس کے لئے ایک ہی راستہ ہے – آتم نربھر بھارت( خود کفیل ہندوستان)‘‘۔وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ کے کام کاج میں بھی اضافہ ہوا ہے اور کئی کلیدی قوانین منظور کیے جاچکے ہیں ۔