خود مختار ریاستوں کا انڈین یونین میں انضمام سردار پٹیل کا کارنامہ

   

پریڈ گراؤنڈ پر حیدرآباد لبریشن ڈے تقاریب ، نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن اور گورنر شیوپرتاپ شکلا کا خطاب
حیدرآباد۔17۔ستمبر (سیاست نیوز) نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے آزادی کے بعد ملک کی کئی ریاستوں کو انڈین یونین میں ضم کرنے کیلئے ملک کے پہلے ڈپٹی پرائم منسٹر سردار ولبھ بھائی پٹیل کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد کئی خود مختار ریاستوں کے انضمام میں سردار پٹیل کا اہم رول ہے ۔ نائب صدر جمہوریہ پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر حیدرآباد لبریشن ڈے تقاریب سے خطاب کر رہے تھے۔ مرکزی وزارت کلچر نے 17 ستمبر 1948 کو حیدرآباد اسٹیٹ انڈین یونین میں انضمام کو لبریشن ڈے کے طور پر منانے کا اعلان کیا اور ہر سال پریڈ گراؤنڈ پر سرکاری تقریب کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ نائب صدر جمہوریہ رادھا کرشنن نے کہا کہ ہندوستان کی یکجہتی کے معاملہ میں سردار پٹیل کا رول انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ انڈین یونین میں حیدرآباد اسٹیٹ کو شامل کرنے میں کئی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ جب مذاکرات ناکام ہوگئے تو حکومت ہند نے 13 ستمبر 1948 کو آپریشن پولو کا آغاز کیا جو 17 ستمبر 1948 کو نظام کی افواج کے ہتھیار ڈالنے کے بعد اختتام کو پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کا انڈین یونین میں انضام ملک کی تاریخ کا اہم باب ہے اور یہ کئی شخصیتوں نے حیدرآباد لبریشن کی جدوجہد میں حصہ لیتے ہوئے اپنی جانوں کو قربان کیا ۔ سردار پٹیل نے مضبوط ہندوستان کی تشکیل کیلئے خود مختار ریاستوں کو انڈین یونین میں شامل کیا جس کے بعد ہندوستان دنیا میں ایک مضبوط مملکت کے طورپر ابھرا۔ نائب صدر جمہوریہ نے وار میموریل پر گلہائے عقیدت پیش کئے اور پریڈ کی سلامی دی۔ انہوں نے اس موقع پر منعقدہ نمائش کا مشاہدہ کیا جس میں حیدرآباد لبریشن کی جدوجہد کی تفصیلات تصاویر کی شکل میں پیش کی گئی۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ مہاتما گاندھی اور سبھاش چندر بوس نے جدوجہد آزادی میں اہم رول ادا کیا جبکہ سردار پٹیل نے کئی ریاستوں کو انڈین یونین میں شامل کرایا۔ رادھا کرشنن نے کہا کہ وکست بھارت 2047 کے نظریہ کے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی ملک کو ترقی یافتہ ہندوستان میں تبدیل کرنے کی مساعی کر رہے ہیں۔ نائب صدر جمہوریہ نے حیدرآباد لبریشن کی جدوجہد میں قربانی دینے والے مجاہدین آزادی رام جی گونڈ ، طرہ باز خاں اور کمرم بھیم کو خراج پیش کیا۔ 1/k/m/b
انہوں نے حیدرآباد اسٹیٹ کے انڈین یونین میں انضمام میں مرکزی مسلح افواج کے رول کی بھی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بائیں بازو انتہا پسند تحریک کے خاتمہ میں نیم فوجی فورسس نے اہم رول ادا کیا۔ گورنر تلنگانہ شیو پرتاپ شکلا نے حیدرآباد لبریشن کی جدوجہد میں کسانوں ، نوجوانوں اور خواتین کے قربانیوں کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ لبریشن ڈے صرف ایک تاریخی دن کے علاوہ ملک کے اتحاد اور یکجہتی کی یاد دلاتا ہے ۔ انہوں نے ترقی یافتہ تلنگانہ کی تشکیل کے لئے مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو مشعل راہ بنانے کا مشورہ دیا۔ مرکزی وزیر سیاحت و کلچر گجیندر سنگھ شیخاوت نے آپریشن پولو کو ناانصافی پر جیت سے تعبیر کیا ۔ مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے نظام حیدرآباد کی ستائش کی مذمت کی ۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار، رکن پارلیمنٹ ای راجندر، بی جے پی کے ریاستی صدر رام چندر راؤ ، سابق گورنرس ودیا ساگر راؤ ، بنڈارو دتاتریہ اور دوسروں نے تقریب میں شرکت کی۔1/k