داؤد ابراہیم کو زہر دینے کا شبہ ، کراچی کے ہاسپٹل میں داخل

,

   

کراچی: انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کو کو طبیعت کی سنگینی کے باعث کراچی کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اسے زہر دیا گیا ۔تاہم ابھی تک اس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ وہ 2 دن سے اسپتال میں داخل ہے۔ اسے سخت سکیورٹی میں رکھا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر کئی رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ داؤد کو زہر دیا گیا تھا، لیکن ان کے معاون کی طرف سے شیئر کی گئی معلومات کے مطابق اس کی کوئی تصدیق نہیں ہو سکی۔انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق اسپتال میں جس کمرے میں داؤد کو رکھا گیا ہے وہاں کوئی دوسرا مریض موجود نہیں ہے۔ وہاں صرف اسپتال کے اعلیٰ حکام اور اس کے قریبی خاندان کے افراد کو روم تک رسائی حاصل ہے۔ ممبئی پولیس بھی اس معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ممبئی پولیس انڈر ورلڈ ڈان کے اسپتال میں داخل ہونے کے بارے میں ان کے رشتہ داروں علی شاہ پارکر اور ساجد واگلے سے مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ تحقیقاتی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ داؤد کو زہر دیئے جانے کی خبر بڑی حد تک افواہ ہو سکتی ہے۔ داؤد کی سکیورٹی اتنی مضبوط ہے کہ کسی بھی شخص کو اس تک پہنچنے کیلئے کم از کم 150 لوگوں سے گزرنا پڑتا ہے۔اس کے اسپتال میں داخل ہونے کے اردگرد کے حالات راز میں ہیں کیونکہ پاکستانی اور ہندوستانی حکام دونوں نے باضابطہ طور پر اس خبر کی تصدیق نہیں کی ہے۔ یہ قیاس آرائیاں عروج پر ہیں کہ زہر ان کی اچانک صحت کی خرابی کا سبب ہو سکتا ہے ۔داؤد کئی دہائیوں سے مفرور ہے، اس کے ٹھکانے پر احتیاط سے حفاظت کی جاتی ہے۔ انڈر ورلڈ ڈان کو مبینہ طور پر کراچی میں پناہ گاہ ملی ہے۔ وہ مختلف مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے بین الاقوامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب ہے مگر وہ ابھی تک بچنے میں کامیاب رہا ہے۔ داؤد ہندوستان کا سب سے زیادہ مطلوب دہشت گرد ہے، این آئی اے نے گزشتہ سال انعامی رقم کی فہرست جاری کی تھی، جس میں داؤد پر 25 لاکھ روپئے کا انعام رکھا گیا ہے۔اقوام متحدہ نے بھی داؤد کو عالمی دہشت گرد قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 2003 میں داؤد پر 25 ملین ڈالر کا انعام رکھا تھا۔اس کے خلاف مختلف قومی ایجنسیوں کی جانب سے متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ داؤد نے سنڈیکیٹ ڈی کمپنی 1970 کے دہے میں بنائی۔داؤد پر 1993 ء میں ممبئی بم دھماکے کرنے کے بھی الزامات ہیں۔ اس میں 257 افراد ہلاک اور 700 زخمی ہوئے۔جنوری میں داؤد کی بہن حسینہ پارکر نے پاکستانی میڈیا ہاؤس دی نیوز انٹرنیشنل کو بتایا تھا کہ داؤد کراچی میں ہے اور اس نے دوسری شادی کر لی ہے۔انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم 27 دسمبر 1955 کو رتناگیری، مہاراشٹر میں پیدا ہوا۔ اُس کے تین بچے ہیں،دو لڑکیاں اور ایک لڑکا۔ داؤد ابراہیم کی اہلیہ زوبینہ زرین کو مہہ جبین شیخ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ داؤد کا بچپن ممبئی میں گزرا۔ داؤد کے والد کا بھائی سلیم کشمیری اب بھی اِسی علاقے میں رہتا ہے۔