داخلے منسوخ کرنے والے طلبہ کو فیس واپس کی جائے

   


کالجس اور یونیورسٹیز کو یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی ہدایت
حیدرآباد: یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسس میں اپنے داخلہ منسوخ کرانے یا پھر 30 نومبر تک کالجس تبدیل کرنے والے امیدواروں کو مکمل فیس واپس کرنے کالجس اور یونیورسٹیز کو ہدایت دی ہے۔ کمیشن کی اس ہدایت سے لاکھوں امیدواروں کو فائدہ ہوگا جو داخلہ منسوخ کرنے کے باوجود فیس کی واپسی کیلئے کالجس کے چکر کاٹ رہے تھے۔ انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کورسس میں داخلوں کا عمل جاری ہیں، ایسے میں طلبہ نے اپنے آپشن کو برقرار رکھا ہے تاکہ کسی بہتر ادارہ میں داخلہ حاصل ہو۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کو کئی شکایات موصول ہوئی ہیں جس میں بتایا گیا کہ طلبہ کو فیس کی واپسی سے انکار کیا جارہا ہے ۔ کمیشن نے کہا کہ فیس کی عدم واپسی دراصل رہنمایانہ خطوط کی خلاف ورزی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ زیادہ تر شکایتیں خانگی اداروں ، سیلف فینانسنگ یونیورسٹیز اور ڈیمڈ یونیورسٹیز کے بارے میں حاصل ہوئی ہیں جہاں طلبہ نے داخلہ حاصل کرنے کے بعد دوسرے ادارہ میں داخلہ ملنے پر پہلے داخلہ کو منسوخ کردیا ۔کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں طلبہ اور ان کے سرپرست پہلے ہی معاشی مسائل سے دوچار ہیں۔ ان حالات میں یونیورسٹی کے گرانٹس کمیشن نے 30 نومبر تک داخلے منسوخ کرنے والے طلبہ کو مکمل فیس واپس کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے واضح کیا ہے کہ فیس کی واپسی میں تمام طرح کی وصول کردہ فیس اور چارجس واپس کئے جائیں اور کسی طرح کی کوئی کٹوتی نہ ہوں۔