داعشی جنگجو کے قبضے سے مسروقہ مسیحی کتب کا ذخیرہ برآمد

   

بغداد: عراق کی نینویٰ گورنری کی پولیس نے شدت پسند تنظیم ‘داعش’ کے ایک جنگجو کے ٹھکانے پر چھاپے کے دوران چوری ہونے والی نایاب مسیحی کتابوں کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کتابیں ‘داعش’ نے موصل شہر کے ایک گرجا گھر سے چوری کرلی تھیں۔نینویٰ پولیس چیف لیث الحمدانی نے ایک بیان میں بتایا کہ داعشی جنگجو نے یہ کتابیں اپنے گھر کے باورچی خانے میں لوہے کے صندوقوں میں چھپا رکھی تھیں۔ پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر چھاپہ مارا۔ داعش کے ایک جنگجو کو گرفتار کرنے کے ساتھ اس کے ٹھکانے سے 32 قیمتی عیسائی مذہبی کتابیں بھی برآمد کیں۔ یہ کتابیں موصل کے باب الجدید کے علاقے میں چھپائی گئی تھیں۔ داعش نے انہیں موصل شہر پر قبضے کے دوران ایک چرچ سے چوری کیا تھا۔