دبئی سے واپس ہونے والے چار افراد میں اومی کرون مثبت

   

حیدرآباد ۔29 ڈسمبر(سیاست نیوز) دبئی سے 20ڈسمبر کو حیدرآباد واپس ہونے والے 4 افراد کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون سے متاثر پائے گئے ہیں۔ شمس آباد سے تعلق رکھنے والا خاندان جو کہ دبئی سے 20 ڈسمبر کو حیدرآباد واپس ہوا تھا اس خاندان کے آرٹی پی سی آر معائنوں کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی تھی لیکن مسافرین میں شامل 12 سالہ لڑکے کو اومی کرون کی توثیق کے بعد محکمہ صحت کے عہدیداروں نے متاثرہ لڑکے سے رابطہ میں آنے والوں کے معائنہ کا فیصلہ کیا اور 40 افراد کے کورونا وائرس معائنے کئے گئے ۔ان معائنوں کے نتائج محکمہ صحت کے عہدیدارو ںکے لئے چونکا دینے والے ثابت ہوئے کیونکہ معائنوں کے دوران مزید 3افراد کو کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کی توثیق ہوئی ہے ۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ مزید 3افراد کو اومی کرون کی توثیق کے ساتھ ہی ان سے رابطہ میں آنے والوں کی نشاندہی کا عمل شروع کیا گیا ہے اور ان تمام کے معائنوں کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ اومی کرون سے متاثر ہونے والے 4 مریضوں کو تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں شریک کیا گیا ہے تاکہ ان کا بہتر علاج کیا جاسکے۔ذرائع کے مطابق 20ڈسمبر کو حیدرآباد واپسی کے بعد سے جن لوگوں سے یہ مسافرین رابطہ میں آئے ہیں ان تمام کے معائنوں کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور افراد خاندان سے رابطہ میں آنے والوں کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں اور ان کے معائنوں کے نتائج جلد سے جلد حاصل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اورجب تک نتائج حاصل نہیں ہوجاتے اس وقت تک ان تمام کو قرنطینہ میں رہنے کی تاکید کی جا رہی ہے۔م