درگاہ کی شہادت کیخلاف ہندو مسلم متحدہ احتجاج

   

گنگا جمنی تہذیب کا مظاہرہ
درگاہ کی شہادت کیخلاف ہندو مسلم متحدہ احتجاج
کونڈہ پور کے موضع منسان پلی میں خاطی وینچر مالک کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

سداسیوپیٹ : کنڈہ پور منڈل کے موضع منسان پلی کے سروے نمبر 33 اور 34 میں موجود درگاہ حضرت خواجہ قطب الدین پاشاہ ؒ کو ایک رہائشی پلاٹس ونچر بنا نے کے لیے کل آدھی رات کو شہید کر دیا گیا۔صبح جیسے ہی یہ اطلاع ملی مقامی عوام وہاں پہنچ گئے اور احتجاج کرنا شروع کر دیا اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر درگاہ کو دوبارہ تعمیر کیا جائے اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ورنہ احتجاج کو مزید بلند کیا جائے گا۔ درگاہ کو شہید کرنے پر مقامی عوام نے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کیا اور درگاہ کو شہید کرنے کے خلاف ہندو مسلم دونوں نے ملکر احتجاج کیا اور فوری تعمیر کا مطالبہ کیا۔موقع واردات پر پہنچی پولیس نے عوام میں پیدا بے چینی کو دیکھ کر ونچر کے مالک سے رابط قائم کرتے ہوئے فوری طور پر درگاہ کو دوبارہ تعمیر کرنے کی ہدایت دی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مسئلے پر صبر و تحمل سے کام لے۔ اور کسی بھی قسم کی افواہوں پر دھیان نہ دے۔اور عوام کو تیقن دیا کہ بہت جلد پولیس کی نگرانی میں درگاہ کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔ سرپنچ لکشمار یڈی پربھاکر ریڈی ، محمد سردار ، شیخ محمد ،رفیق ، غوث میاں ، محمد پاشا ،محمد صابر ، عزیز میاں کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں مقامی افراد موجود تھے۔