دریائے جہلم میں کشتی ڈوب گئی،6افرادکی موت

   

متعدد لاپتہ، راحت اور امدادی کام جاری
سری نگر:جموں و کشمیر کے دارالحکومت سری نگر کے گنڈبل علاقے میں دریائے جہلم میں اسکولی بچوں سے بھری کشتی ڈوب گئی۔ اس حادثے میں کم از کم 4 اسکولی بچوں سمیت 6افراد کی جہلم میں غرق ہونے سے موت ہوگئی جبکہ 12 لوگوں کو بچا لیا گیا۔ ان میں سے 3 افراد کو علاج کے لیے سری نگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ کشتی گاندربل سے بٹوارہ جا رہی تھی جس میں بچے اور مقامی لوگ سوار تھے کہ بی بی کینٹ آرمی ہیڈ کوارٹر کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی۔ جموں و کشمیر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے بتایا گیا کہ ایس ڈی آر ایف کی ٹیم کو راحت اور بچاؤ کے کاموں کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سری نگر میں کشتی کے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے حادثے میں لوگوں کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ ایس ڈی آر ایف، فوج اور دیگر ایجنسیوں کی ٹیمیں راحت اور بچاؤ کاموں مصروف ہیں ۔