حیدرآباد : /12 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دسویں اور انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کے انعقاد کا جائزہ لیا ۔ مسائل کے بغیر احتیاط و کامیاب طریقہ سے امتحانات کے انعقاد پر زور دیا ۔ طلبہ پر تعلیمی بوجھ عائد نہ کرنے کی ہدایت دی ۔ ریونت ریڈی نے آج محکمہ تعلیم کا اجلاس طلب کیا ۔ چیف منسٹر نے ماضی میں پیش آئے امتحانی پرچہ افشاء اور دیگر بے قاعدگیوں کاحوالہ دیا ۔ اس مرتبہ امتحانات کیلئے خصوصی حکمت عملی پر زور دیا ۔ اس کے علاوہ ریونت ریڈی نے سرکاری و خانگی یونیور سٹیز کی کارکردگی پر بھی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ جن مقامات پر جونیر کالجس نہیں ہیں وہاں جونیر کالجس قائم کرنے ضروری ہیں تو اس کی تفصیلات پیش کرنے کی حکام کو ہدایت دی ۔ بالخصوص گرلز جونیر کے قیام پر توجہ دینے کی ہدایت دی ۔ اجلاس میں چیف سکریٹری شانتی کماری ، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے کمشنر نوین متل محکمہ تعلیم کے سکریٹری ولی کرونا کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے ۔