دشا کیس کے ملزمین کا انکاونٹر تحقیقات کیلئے جوڈیشیل کمیشن ٹیم کی آمد

,

   

حیدرآباد ۔3 ۔ فروری (سیاست نیوز) وٹرنری ڈاکٹر دشا عصمت ریزی اور قتل کیس کے خاطیوں کے انکاؤنٹر کے خلاف سپریم کورٹ کی جانب سے قائم کئے گئے جوڈیشیل کمیشن کی ٹیم آج حیدرآباد پہنچ گئی ۔ ریٹائرڈ سپریم کورٹ جسٹس وی ایس سرپورکر کی قیادت میں جوڈیشنل ٹیم نے حیدرآباد پہنچ کر تلنگانہ ہائی کورٹ میں دفتر قائم کیا ہے ۔ ٹیم کو سخت ترین سی آر پی ایف سیکوریٹی فراہم کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ 12 ڈسمبر کو چیف جسٹس آف انڈیا ایس اے بوبڈے کی قیادت والی تین رکنی بنچ نے دشا قتل کیس کے چار ملزمین عارف ، چنتا کنٹہ چنا کیشولو ، جلو شیوا اور جلو نوین جن کا تعلق نارائن پیٹ ضلع محبوب نگر سے ہے ، کو شاد نگر میں انکاؤنٹر پر واقعہ کی تحقیقات کیلئے عدالتی تحقیقات کا حکم دیا تھا ۔ چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کے سابق جج وی ایس سرپورکر کے علاوہ سی بی آئی کے سابق ڈائرکٹر کارتک کے ایل اور بمبئی ہائی کورٹ کے سابق جج ریکھا پر مشتمل ایک ٹیم حیدرآباد پہنچ گئی ۔ عدالت نے تحقیقاتی ٹیم کو اندرون چھ ماہ انکاونٹر سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ بتایا جاتا ہیکہ کمیشن عنقریب شادنگر پہنچ کر دشا کیس ملزمین کو انکاؤنٹر کئے گئے مقام واردات کا معائنہ کرے گی اور ان پولیس عہدیداروں کا بھی بیان قلمبند کرے گی جنہوں نے انکاونٹر میں حصہ لیا ہے۔