دفاعی بھرتیوں کے لیے اسرائیلی طریقہ کار !

   

اگنی پتھ اسکیم کے تحت تقرر سے ہندوستان میں بھی لازمی دفاعی خدمات
حیدرآباد۔17۔جون(سیاست نیوز) حکومت ہند دفاعی بھرتیوں کے معاملہ میں اسرائیل کے طریقہ کار کو اختیار کرنے جا رہا ہے! دنیا بھر کے کئی ممالک میں نوجوانوں کیلئے لازمی ہے کہ وہ اپنی تعلیم کے دوران لازمی دفاعی خدمات کو اختیار کریں اور مختصر مدت کیلئے دفاعی خدمات سے وابستہ رہیں۔دنیا کے ان ممالک میں جہاں لازمی دفاعی خدمات ہیں ان میں اسرائیل سرفہرست ہے جو اپنے نوجوانوںکیلئے لازمی دفاعی خدمات کو یقینی بناتے ہوئے انہیں کم از کم 32ہفتوں کیلئے کسی بھی دفاعی شعبہ میں خدمات انجام دینے پر مجبور کرتا ہے اور جو نوجوان دفاعی خدمات میں اپنا مستقبل بنانے کے خواہشمند ہوتے ہیں ان کیلئے دفاعی شعبہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جاتے ہیں۔ہندستان میں مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والی اسکیم ’’اگنی پتھ‘‘ کے قد و خال کا جائزہ لیا جائے تو ایسا لگ رہا ہے کہ ہندستان میں بھی لازمی دفاعی خدمات کو یقینی بنانے کی سمت پیشرفت کی جا رہی ہے کیونکہ کم عمری سے ہی دفاعی شعبہ جات میں بھرتی اور مختصر مدتی خدمات کے بعد اپنی مرضی کے شعبہ جات میں خانگی خدمات کی اجازت فراہم کرنے کی بات کہی جا رہی ہے۔دنیا کے جن ممالک میں لازمی دفاعی خدمات ہیں ان میں اسرائیل کے علاوہ جو ممالک شامل ہیں وہ برموڈا‘ برازیل ‘ قبرص‘ یونان‘ ایران ‘ نارتھ کوریا‘ ساؤتھ کوریا‘ میکسیکو‘ روس‘ سنگاپور‘ سوئیزرلینڈ‘ تھائی لینڈ‘ ترکی اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں جہاں نوجوانوں کو 18 سال کی عمر کے بعد مختصر مدت کے لئے ملک کے دفاعی شعبہ میں خدمات انجام دینا لازمی ہے اور اس مدت کے بعد اگر وہ کسی دفاعی شعبہ میں ہونے والے تقررات کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو انہیں اختیار حاصل رہے گا اگر وہ دفاعی شعبہ کا حصہ نہیں رہنا چاہتے تو ایسی صورت میں وہ اس عارضی ملازمت سے نکل کرکوئی بھی خانگی خدمات اختیار کرسکتے ہیں۔اسرائیل میں نوجوانوں کے لئے لازمی دفاعی شعبہ میں 2سال 6ماہ کیلئے خدمات انجام دینی ہوتی ہیں جبکہ خواتین کیلئے کم از کم 2سال خدمات انجام دینا لازمی ہے۔برموڈا میں 18تا 32 سال کے نوجوانوں کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں لایا جاتا ہے جنہیں 38ماہ لازمی دفاعی خدمات انجام دینی ہوتی ہے۔برازیل کے نوجوانوں کیلئے لازمی ہے کہ وہ 18 سال عمر ہونے کے بعد 12ماہ کیلئے فوج میں خدمات انجام دیں۔ایران میں 18سال عمر ہونے کے بعد نوجوانوں کو 24ماہ کے لئے فوج میں خدمات انجام دینی ہوتی ہیں اور اگر کوئی سرحدی علاقوں میں خدمات انجام دیتا ہے انہیں 2ماہ کی تخفیف حاصل ہوتی ہے۔اسی طرح نارتھ کوریا‘ ساؤتھ کوریا‘ سنگاپور‘ میکسیکو‘ سنگاپورمیں بھی لازمی دفاعی تربیت اور خدمات ہیں۔متحدہ عرب امارات میں بھی تمام مرد نوجوانوں کیلئے کم از کم 16ماہ کیلئے دفاعی شعبہ میں خدمات انجام دینا لازمی ہے اسی طرح ترکی میں بھی 20تا41 عمر کے نوجوانوں کے لئے مختصرمدتی دفاعی خدمات لازمی ہیں۔م