دنیا بھر میں ترقی پسند نظریات اور اقدار کے تحفظ کی ضرورت: اتم کمار ریڈی

   

جمہوریت کے استحکام سے سماج کی ترقی، بھارت سمٹ سے وزیر سیول سپلائیز کا خطاب

حیدرآباد۔/27 اپریل،( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی و سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ دنیا بھر میں ترقی پسند نظریات اور اقدار پر حملے کئے جارہے ہیں جو سماج کیلئے حوصلہ افزاء نہیں ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے بھارت سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے دنیا بھر میں جمہوریت کے تحفظ اور استحکام کیلئے متحدہ مساعی پر زور دیا۔ سمٹ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی انتہا پسند نظریات اور ڈکٹیٹر شپ سے متاثر حکمراں موجود ہیں وہاں اظہار خیال کی آزادی کو کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پسند نظریات کے حامل افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔ حیدرآباد میں بھارت سمٹ کے انعقاد کو حکومت کیلئے باعث افتخار قرار دیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ترقی پسند اور جمہوری اقدار پر ایقان رکھنے والے دنیا بھر سے مندوبین سمٹ میں شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سمٹ ترقی پسند، انصاف پسند اور جمہوریت کے جہد کاروں، دانشوروں اور مفکرین کا عظیم اجتماع ہے جہاں انسانیت اور اس کی بھلائی پر غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بنیادی آزادی کے تحفظ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔دو روزہ مباحث اور سیشنس کے موضوعات میں عالمی انصاف، ماحولیاتی خطرہ اور دیگر اُمور کو شامل کیا گیا جو دنیا کیلئے اہم چیلنج ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مندوبین نے جن خیالات و نظریات کو پیش کیا ہے اس سے دنیا میں سماجی انصاف اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی مہم کو تقویت حاصل ہوگی۔ سمٹ میں مختلف ممالک کی اہم سیاسی شخصیتوں نے بھی شرکت کی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں عوام عدم مساوات اور عدم رواداری کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارت سمٹ جمہوریت کے استحکام میں امید کی کرن ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں حکومت نے سماجی انصاف کے اصولوں کو نہ صرف اختیار کیا بلکہ ان پر عمل کیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کسی بھی سماج کا اہم ترین مسئلہ ناانصافی ہے اور ناانصافی پر مبنی سماج کی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارت سمٹ میں ظاہر کردہ خیالات اور تجاویز سے دنیا کو مدد ملے گی۔1