دوباک اسمبلی حلقہ کا 3نومبر کو ضمنی انتخاب

   

حیدرآباد: تلنگانہ اسمبلی کے حلقہ دوباک کے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیاگیا ہے ۔ مرکزی الیکشن کمیشن نے یہ شیڈول جاری کیا ہے جس کے مطابق 3نومبر کو رائے دہی ہوگی۔10نومبر کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔9اکتوبر کو اس سلسلہ میں اعلامیہ جاری کیاجائے گا۔پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 16اکتوبر مقرر کی گئی ہے ۔ 17اکتوبر کو پرچہ نامزدگیوں کی جانچ کی جائے گی اور 19اکتوبر نام واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی۔اس حلقہ کا ضمنی انتخاب ضروری ہوگیا تھا کیونکہ تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس سے اس حلقہ کی نمائندگی کرنے والے ایس رامالنگاریڈی کی موت ہوگئی ہے۔ انتخابی شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی اس حلقہ میں ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیا ہے ۔برسر اقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی پہلے ہی دوباک اسمبلی حلقہ میں اپنی انتخابی مہم شروع کرچکی ہے۔ دیگر جماعتیں بھی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ انتخابات شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیا ہے جس پر ٹی آر ایس، کانگریس، بی جے پی کے بشمول تمام جماعتوں کو سختی سے عمل کرنا ضروری ہے۔ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے اگر ترقیاتی پروگراموں پر عمل کیا جاتا ہے تو اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایت کرسکتی ہیں۔ چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ نے چند دن قبل کہا تھا کہ دوباک ضمنی انتخابات سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری پروپگنڈہ پر بھروسہ نہ کیا جائے۔ اُنھوں نے کہا تھا کہ کانگریس اور بی جے پی صرف نعرہ بازی تک محدود ہیں دوباک حلقہ میں اُن کا کوئی اثر نہیں ہے۔ اُنھوں نے اپنی پارٹی کی کامیابی کے عزم کا اظہار کیا۔