دوباک میں آج رائے دہی ‘ تمام انتظامات مکمل

   

سخت ترین سکیوریٹی انتظامات ۔ اضافی پولیس دستے متعین ۔ کورونا احتیاط پر بھی توجہ
حیدرآباد۔ دوباک اسمبلی حلقہ میں ضمنی انتخابات کی رائے دہی کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ امیدکی جا رہی ہے کہ کورونا کے خوف کے باوجود کثیر تعداد میں ووٹرس اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرینگے ۔ حلقہ میں جملہ 1.98 لاکھ ووٹر ہیں۔ جملہ 315 پولنگ بوتھس پر صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ انتظامیہ کی جانب سے کورونا کے احتیاطی اقدامات کو ملحوظ رکھتے ہوئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔ پولنگ بوتھس پر تھرملء اسکریننگ ‘ سماجی دوریوں وغیرہ کا خیال رکھا گیا ہے ۔ ماسک کو یقینی بنایا جائیگا ۔ اس کے علاوہ سخت ترین سکیوریٹی انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ حلقہ میںجملہ 23 امیدوار میدان میںہیں جن میں 15 آزاد امیدوار ہیں۔ تاہم اصل مقابلہ ٹی آر ایس کی ایس سجاتا ‘ کانگریس کے سی ایچ سرینواس ریڈی اور بی جے پی کے رگھونندن راو کے درمیان ہوگا ۔ حالیہ دنوں میں پیش آئے انتخابات سے متعلق واقعات کو پیش نظر رکھتے ہوئے پولیس کی جانب سے سخت ترین اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کسی بھی ہنگامہ آرائی کا کوئی موقع نہیں دیا جا رہا ہے ۔ ضلع پولیس نے یہاں امتناعی احکام نافذ کردئے ہیں اور جملہ 89 پولنگ بوتھس کو حساس قرار دیا ہے ۔ 33 بوتھس بہت زیادہ حساس ہیں۔ حکام نے یہاں اضافی 2,000 پولیس عملہ کو متعین کیا ہے ۔ علاوہ ازیں 400 پولنگ آفیسرس اور 400 اسسٹنٹ پولنگ آفیسروں کے علاوہ 800 رکنی اضافی عملہ بھی پولنگ کو پرسکون بنانے کیلئے متعین کیا جا رہا ہے ۔ ضلع انتظامیہ نے اتوار کی شام سے شراب کی دوکانات کو بند کروادیا ہے ۔ ہر پولنگ بوتھس پر زیادہ سے زیادہ 1000 ووٹرس رکھے گئے ہیں۔ کورونا مریضوں کو آخری ایک گھنٹے میں ووٹ ڈالنے کا موقع دیا جائیگا ۔