بنکاک : سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان جمعہ کو اپنے ایشیائی دورہ کے تیسرے پڑاؤ تھائی لینڈ میں مذاکرات کر رہے ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان جمعرات کی شام سرکاری دورہ پر تھائی دارالحکومت بنکاک پہنچے۔ ان کا استقبال تھائی وزیر اعظم پرایوت چان اوچا اور دیگر اعلی حکام نے کیا۔شہزادہ محمد بن سلمان کا تھائی لینڈ کا دورہ ایپک سربراہی اجلاس کے موقع پر ہے جو تھائی لینڈ کے دارالحکومت میں جمعہ اور ہفتہ کو منعقد ہونا ہے۔ ایپک اجلاس کے دوران ولیعہد ایپک سربراہی اجلاس میں شریک کئی اہم عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔گزشتہ روز سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے دورہ جنوبی کوریا کا اختتام کیا، جس میں مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ دورہ کا اختتام دسیوں ارب ڈالر کے معاہدوں اور سرمایہ کاری کے اعلان کے ساتھ ہوا۔جنوبی کوریا میں شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم ہان ڈاک سو کے ساتھ بات چیت کا پہلا اجلاس منعقد کیا جس میں انہوں نے مختلف شعبوں میں تعلقات اور مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔اس کے بعد سعودی ولیعہد کی طرف سے دونوں ممالک کے دو وفود کی موجودگی میں بات چیت کا ایک باضابطہ اجلاس ہوا، جہاں کوریائی وفد کی سربراہی جنوبی کوریا کے صدر یون سیوک یول نے کی۔ اس اجلاس میں شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ کوریا 60 سالوں سے سعودی عرب کا اسٹریٹجک پارٹنر ہے، ان تعلقات میں مزید گہرائی لائی جائے گی۔