دونوں شہروں میں خشوع و خضوع کے ساتھ جشن میلاد النبیؐ کا انعقاد

   

جلسے ، زیارت آثار مبارکؐ ، خون کا عطیہ کیمپ ، محافل ، موسیٰ پیٹ میں شرپسندوں کی خلل اندازی
حیدرآباد۔20اکٹوبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد میں میلاد النبیﷺ کے موقع پرجلسہ رحمت اللعلمین ‘ زیارات آثار شریف ‘ محافل نعت ‘ محافل میلاد کے علاوہ جلسہ ہائے سیر ت النبی ﷺ کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر خون کے عطیہ کے کیمپ منعقد کئے گئے جن میں سب سے بڑا خون کا عطیہ کیمپ کتب خانہ آصفیہ افضل گنج میں منعقد کیا گیا جہاں ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں نے پہنچ کر خون کا عطیہ دیا ۔ شہر کی مختلف خانقاہوں اور آستانوں میں زیارت آثار شریف کے علاوہ محافل نعت شہ کونینؐ کے انعقاد و تناول تبرک کا اہتمام کیا گیا تھا۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباداس روایتی جشن میلاد النبیﷺ کے علاوہ مختلف مقامات سے جلوس نکالے گئے اور جلوس کے دوران کرتب بازی کے مظاہرے کئے گئے ۔ اس مرتبہ جلوس کے دوران آٹورکشا بھی کرتب بازی کے مظاہروں میں شامل تھے اور بعض مقامات پر جلوسیوں کی جانب سے رقص بھی کیا جارہا تھا ۔ تاریخی مکہ مسجد میں حسب روایت قدیم خطبہ ٔ میلاد کا اہتمام کے علاوہ آثار مبارک کی زیارت کروائی گئی ۔ اسی طرح شہر کی کئی خانقاہوں میں محافل سیرت النبیﷺ کے ساتھ ذکر و سلوک کی محافل کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ سنی یونائیٹڈ فورم آف انڈیا کے زیر اہتمام منعقدہ میلاد جلوس کا آغاز تاریخی چارمینار سے ہوا جبکہ درگاہ شریف قادری چمن سے مولانا سید شاہ اولیاء حسینی مرتضیٰ پاشاہ کی نگرانی میں نکالے جانے والے جلوس کے علاوہ مولانا سید احمدالحسینی سعید قادری کی نگرانی میں درگاہ شریف حضرت سید یحییٰ پاشاہ قادری مصری گنج‘ حافظ مظفر حسین خان بندہ نوازی کی قیادت میں سنتوش نگر سے نکالے گئے جلوس چارمینار کے مرکزی جلوس میں شامل ہوگئے ۔ علاوہ ازیں شہر کے مختلف محلہ جات سے نکالے جانے والے جلوس بھی چارمینار پہنچے اور جلوس کی گذرگاہوں پر جگہ جگہ جلوس کا استقبال کیا گیا ۔کتب خانہ آصفیہ میں تھلیسیمیا کے مریضوں کے لئے خون کے عطیہ کیمپ کا مولانا مفتی قاسم صدیقی تسخیر ‘ جناب سید عمر جلیل آئی اے ایس ‘ جناب مصطفی علی سروری کے علاوہ دیگر اہم شخصیات نے دورہ کیا۔ خطیب و امام شاہی مسجد باغ عامہ مولانا احسن بن محمدعبدالرحمن الحمومی کے علاوہ مولانامحسن بن محمد عبدالرحمن الحمومی نے خون کا عطیہ دینے والوں کا خیر مقدم کیا ۔ شہر کی کئی خانقاہوں میں زیارت آثار شریف کااہتمام کیا گیا۔ طریقت منزل شاہ گنج میں مولانا سید شاہ انوار اللہ حسینی افتخاری جانشین حضرت افتخار علی شاہ وطن ٔ کی نگرانی میں زیارت آثار مبارک کا اہتمام کیا گیا ۔ چارمینار کے دامن سے مولانا سید شاہ قبول پاشاہ قادری شطاری کی دعاء کے ساتھ میلاد جلوس کا آغاز ہوا جو کہ مختلف علاقوں سے گذرتا ہوا مغلپورہ والٹا ہوٹل کے قریب اختتام کو پہنچا۔ دونوں شہروں میں میلاد جلوس مجموعی طور پر پر امن اختتام کو پہنچا جبکہ موسیٰ پیٹ میں جلوس کی گذرگاہ پر چند شرپسندوں کی جانب سے نعرۂ بازی کرتے ہوئے رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی گئی جس پر پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے قابو پالیا۔م

عرس شریف
حضرت بسم اللہ شاہ قادری چشتی عارفیؒ
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : عرس شریف حضرت بسم اللہ شاہ قادری چشتی عارفی ؒ بروز جمعہ 15 ربیع الاول م 22 اکٹوبر 2021 کو مقرر ہے بعد نماز مغرب برآمدگی صندل مبارک ، بعد نماز عشاء صندل مالی احاطہ درگاہ حضرت بادپاؒ ، فرسٹ لانسر میں ہوگی ۔ بعد نماز عشاء سماع کی محفل بمکان سجادہ نشین حضرت لطیف اللہ شاہ قادری چشتی عارفی ، رحمت نگر ، یوسف گوڑہ میں مقرر ہے ۔۔

جلسہ میلادالنبی ؐ
حیدرآباد۔/20اکٹوبر ، ( راست ) مسجد قطب شاہی ممتاز منشن متصل مکرم جاہ اسٹوڈنٹس ہاسٹل لکڑی کا پل 22اکٹوبر 2021 بروز جمعہ بعد نماز عشاء مقرر ہے۔ جلسہ کا آغاز قرأت کلام پاک، نعت شریف سے ہوگا۔ خصو صی خطاب مولانا حافظ و قاری سید شاہ مرتضی علی صوفی حیدر پاشاہ معتمد سید الصوفیہ اکیڈیمی سلام بارگاہ خیرانامؐ و دعاء پر جلسہ کا اختتام ہوگا۔ نماز عشاء 8 بجے ہوگی۔