حیدرآباد۔16جنوری(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں سردی کی لہر میں اچانک اضافہ ہوچکا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق تلسنکرانت کے بعد حیدرآباد میں درجہ حرارت میں 4تا6ڈگری کا اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا لیکن گذشتہ یوم اور 16 جنوری کی علی الصبح دونوں شہروں میں سردی کی لہر کا سلسلہ معمول کے مطابق جاری رہا اور شہر کے نواحی علاقوں میں جہاں درختوں کی تعداد زیادہ ہے درجہ حرارت 10 ڈگری سے بھی کم ریکارڈ کیا گیا ۔حیدرآباد کے نواحی علاقوں شمس آباد‘ راجندر نگر‘ مدھانی ‘ ونستھلی پورم کے علاوہ شہری علاقوں میں بھی 12تا14 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کئے جانے کے بعد محکمہ موسمیات کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رات دیر گئے اور صبح کی اولین ساعتوں میں سردی کی لہر کا سلسلہ آئندہ 4یوم تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق درجہ حرارت میں گراوٹ کا سلسلہ آئندہ ایک ہفتہ تک جاری رہ سکتا ہے لیکن دوپہر کے وقت گرمی کی تمازت میں بھی اضافہ ہوگا اور درجہ حرارت 32 تا 35 ڈگری پہنچنے کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات سے مختلف اضلاع نرمل ‘ عادل آباد‘ میدک ‘ سنگاریڈی ‘ رنگاریڈی کے علاوہ دیگر مقامات کیلئے جاری کئے گئے زرد الرٹ کو برقرار رکھا گیا ہے کیونکہ ریاست کے بیشتراضلاع میں سردی کی لہر میں کا سلسلہ جاری ہے اور رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے اضلاع میں سرد لہر جاری ہے۔م