دو دن کی بارش میں شہر کی سڑکیں تباہ

,

   

بعض مقامات پر سڑکیں بہہ گئیں۔ مرمت کیلئے بلدیہ کوشاں
حیدرآباد۔ حیدرآباد میں گذشتہ دو یوم کے دوران ہونے والی موسلا دھار بارش نے شہر کی سڑکوں کو تباہ کردیا ہے اور شہر کی کئی اہم سڑکوں پر گڑھے نمایاں ہوچکے ہیں ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد کی مصروف ترین سڑکوں پر فوری گڑھوں کو بند کرنے کے علاوہ ان کی مرمت کے اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ جن سڑکوں کو کافی نقصان پہنچا ہے ان کی از سر نو تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ جی ایچ ایم سی حدود میں گذشتہ دو یوم سے جاری وقفہ وقفہ سے موسلادھار بارش کے سبب بہہ جانے والی سڑکوں کا جائزہ لینے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور تمام زونس کے انجنئیرنگ کے شعبہ کے عہدیدارو ںکو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سڑکوں کے بہہ جانے کی تفصیلات مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو فوری روانہ کرتے ہوئے مرمتی کاموں کا آغاز کریں اور جن مقامات پر سڑکوں کی از سر نو تعمیر کو ضروری تصور کیا جا رہاہے ان مقامات پر موسم کے معمول پر آتے ہی تعمیری کاموں کے آغاز کے سلسلہ میں کاروائی کی جائے اور ان سڑکوں کی تخمینی لاگت کی تفصیلات روانہ کی جائیں تاکہ فوری کاموں کے آغاز کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنایاجائے کیونکہ سڑکوں کی خستہ حالت کے سبب حادثات کا خدشہ ہے۔