دو ریاستوں تلنگانہ و اے پی کی فہرست رائے دہندگان میں ناموں کا اندراج جرم

   

پارلیمنٹ انتخابات پر اجلاس ، اسٹیٹ چیف الیکشن کمشنر رجت کمار کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں بحیثیت ووٹر ناموں کا اندراج کرانا جرم ہے ۔ اسٹیٹ چیف الیکشن کمشنر رجت کمار نے جی ایچ ایم سی کے حدود میں واقع 24 اسمبلی حلقہ جات کے آر اوز ، ای آر اوز اور متعلقہ ڈی آر اوز کے ساتھ پارلیمنٹ انتخابات پر منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ قطعی فہرست رائے دہندگان 22 فروری کو جاری کی جائے گی جب کہ ووٹر لسٹ سے متعلق اعتراضات داخل کرنے کی آخری تاریخ 25 جنوری مقرر کی گئی جب کہ پنچایت انتخابات 30 جنوری تک ہونے کے پیش نظر اعتراضات داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع کے لیے سنٹرل الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی گئی تھی جس کا مثبت جواب ملنے کی وجہ سے 4 فروری تک توسیع دی گئی ہے ۔ رجت کمار نے مزید کہا کہ اسمبلی انتخابات میں استعمال شدہ ای وی ایمس ہی پارلیمنٹ انتخابات کے لیے استعمال کئے جائیں گے اور اگر ضرورت محسوس ہو تو مزید ای وی ایمس حاصل کئے جائیں گے ۔ حیدرآباد میں قیام پذیر بعض افراد آندھرا پردیش میں انتخابات کے مد نظر وہاں پر بحیثیت ووٹر نام درج کروانے کی اطلاعات پر رجت کمار نے بتایا کہ جو لوگ یہاں آرڈینری ووٹرس کی حیثیت سے نام درج کرواچکے ہیں اور اپنی مصروفیات ختم ہونے کے بعد واپس اے پی جارہے ہیں ۔ ایسے لوگ وہاں پر اپنا نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کرواسکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ رائے دہندگان کو آسانی کیلئے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی موجودگی کا پتہ لگانے کے لیے 25 جنوری کو نئے پورٹل کا آغاز کیا جائیگا ۔۔